اسلام آباد ہائیکورٹ: عدم پیشی پر دو اعلیٰ سرکاری افسران کے وارنٹ گرفتاری جاری

اسلام آباد ہائی کورٹ نے عدالتی طلبی کے باوجود مسلسل عدم پیشی پر ڈائریکٹر ایڈمن ایرا و این ڈی ایم اے کے وارنٹ گرفتاری جاری کردیے۔

جسٹس خادم حسین سومرو نے محمد شہباز قیصر کی ایرا کے این ڈی ایم اے میں ضم ہونے کے بعد ایرا ملازمین کی سروس کا معاملے سے متعلق درخواست پر سماعت کا حکم نامہ جاری کردیا۔

عدالتی حکم نامے میں کہا گیا کہ طلبی نوٹس کے باوجود ڈائریکٹر ایڈمن ایرا و این ڈی ایم اے عدالت پیش نہیں ہورہے، ڈی آئی جی پولیس وارنٹ گرفتاری پر عملدرآمد کرائیں یا ذاتی طور پر پیش ہوکر وجوہات سے آگاہ کریں۔

عدالت کا کہنا تھا کہ پیش نہ ہونے کا مطلب جان بوجھ کر عدالتی حکم پر عمل نہ کرنے کے مترادف ہے، عدالت کے پاس قابل ضمانت وارنٹ جاری کرنے کے علاوہ کوئی چارہ نہیں بچا، عدالت ڈائریکٹر ایڈمن ایرا و این ڈی ایم اے کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرتی ہے۔

 حکم نامے میں مزید کہا گیا کہ ڈی آئی جی پولیس اسلام آباد وارنٹ گرفتاری پر عملدرآمد کرائیں، وارنٹ گرفتاری پر عملدرآمد نہ ہونے کی صورت میں ڈی آئی جی پولیس ذاتی طور پر عدالت پیش ہوکر وجوہات سے آگاہ کریں۔ کیس کی آئندہ سماعت 28 اکتوبر کیلئے مقرر کی جاتی ہے۔

Similar Posts