سندھ گورنمنٹ اسپتال لیاقت آباد: 11 سال سے ناکارہ سی آر مشین کارآمد ہوگئی

سندھ گورنمنٹ اسپتال لیاقت آباد میں 11 سال سے ناکارہ مشین سی آر کو کارآمد بنانے کے بعد پہلا کامیاب آپریشن کر دیا گیا۔ اس مشین کے ذریعے 40 سالہ مریض نواز کی ٹانگ کے اندر پھنسے ہوئے شیشے کو آپریشن کرکے نکالا گیا۔

آپریشن کرنے والی ٹیم کے سربراہ ڈاکٹر زوہیب تھے جبکہ ان کے معاونین میں ٹیکنیشن زوہیب، شاہد قریشی اور دیگر شامل تھے۔ ٹانگ کے اندر پھنس جانے والے شیشے (فارن باڈی) کو ٹانگ سے نکالنے کےلئے پیچیدہ آپریشن کو کامیاب بنانے کے لئے طبی ٹیم نے سرتوڑ کوشش کی جو کامیاب رہی۔

اس مشین کو دوبارہ کارآمد بنانے کا سہرا اسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹرعتیق قریشی کے سر جاتا ہے۔

ڈاکٹر عتیق قریشی نے بتایا کہ اسپتال میں کروڑوں روپے مالیت کی درجنوں مشینیں خراب تھیں تاہم اپنی مدد آپ کے تحت ان مشینوں اور بائیو میڈیکل آلات کو کارآمد بنالیا گیا ہے۔

انھوں نے بتایا کہ اسی طرح پتے کے آپریشن، پتھری، لیپرواسکوپک سمیت امراض نسواں میں دوران آپریشن استعمال کی جانے والی مشینیں بھی ناکارہ تھی ۔

وزیر صحت اور سیکریٹری صحت کی ہدایت پر ان تمام مشینوں کی مرمت کرکے ان تمام مشینوں کو فعال کردیا گیا جس کے بعد اب سندھ گورنمنٹ لیاقت آباد اسپتال صحت کی تمام سہولتیں میسر ہیں۔

Similar Posts