کراچی کے مختلف علاقوں میں مبینہ پولیس مقابلے، زخمی سمیت 8 ملزمان گرفتار

مختلف علاقوں میں پولیس کی اسٹریٹ کریمنلز کے خلاف تابڑ توڑ کارروائیوں میں زخمی سمیت 8 ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا جن سے اسلحہ، نقدی، گاڑی اور موٹر سائیکلیں برآمد کی گئیں۔

 تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ ساؤتھ تھانہ درخشاں کی حدود میں واقعے فیز 6 چھوٹا بخاری کمرشل کے قریب درخشاں پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ ترجمان ایس ایس پی ساؤتھ کے مطابق پولیس کی مؤثر جوابی کارروائی کے نتیجے میں دو ملزمان زخمی حالت میں گرفتار کرلیے گئے۔

پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کی شناخت عابد ولد مہامند اور سہیل ولد فاروق کے ناموں سے ہوئی ہے۔ملزمان کے قبضے سے دو پستول، گولیاں، دو موبائل فون اور ایک گاڑی برآمد کی گئی جبکہ ان کے دو ساتھی موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

 پولیس کے مطابق زخمی ملزمان کو طبی امداد کے لیے ایدھی ایمبولینس کے ذریعے اسپتال منتقل کردیا گیا جبکہ فرار ہونے والے ملزمان کی تلاش میں سرچ آپریشن جاری ہے۔

 ادھر ضلع غربی کے تھانہ اورنگی ٹاؤن کے علاقے سیکٹر 6 اے میں پولیس اور مسلح ڈاکوؤں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔

ایس ایس پی ویسٹ طارق الٰہی مستوئی کے مطابق فائرنگ کے تبادلے کے دوران زخمی سمیت دو ملزمان گرفتار کیے گئے۔ زخمی ملزم کو چھیپا ایمبولنس کے ذریعے عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا جہاں اس کی شناخت انور ولد نور محمد کے نام سے کی گئی جبکہ گرفتار دوسرے ساتھی کی شناخت شاہزیب عرف پچھ ولد اخلاق کے نام سے ہوئی۔ پولیس نے ملزمان کے قبضے سے دو غیر قانونی پستول بمعہ ایمونیشن، تین موبائل فون، نقدی رقم اور چھینی گئی موٹر سائیکل برآمد کرلی۔

ادھر ڈسٹرکٹ ایسٹ میں تھانہ مبینہ ٹاؤن کی حدود میں واقعے محکمہ موسمیات کے دفتر کے قریب پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان مبینہ مقابلے کے دوران دو ڈاکو زخمی حالت میں گرفتارکرلیے گئے،گرفتار ملزمان کی شناخت شہزاد اور خالد کے ناموں سے ہوئی۔

ترجمان کراچی پولیس کے مطابق پولیس نے ملزمان کے قبضے سے دو پستول، گولیاں، موبائل فون، نقدی اور موٹر سائیکل برآمد کی۔ زخمیوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جبکہ ملزمان کے حوالے سے مزید تفتیش جاری ہے۔

 ادھر ضلع ملیر کے تھانہ سکھن کی حدود میں واقعے کمیلہ کالونی سوڈا موڑ کے قریب پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ فائرنگ کے نتیجے میں دو ملزمان زخمی حالت میں گرفتار ہوئے جن کی شناخت عامر علی ولد محمد عالم اور شمن ولد علی نواز کے ناموں سے ہوئی۔

 ترجمان کراچی پولیس کے مطابق پولیس نے دو پستول، گولیاں، دو موبائل فون اور ایک موٹر سائیکل برآمد کرلی۔زخمی ملزمان کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

Similar Posts