صنم ماروی کی پیرس میں مسحورکن پرفارمنس

معروف لوک اور صوفی گلوکارہ صنم ماروی نے پاکستان کے سفارتخانہ اور دے لا ویل تھیٹر کے اشتراک سے پیرس میں منعقدہ تھیاتر دے لا ویل تھیٹر میں اپنی پرفارمنس کے ذریعے حاضرین کو مسحور کر دیا جہاں فرانسیسی اور بین الاقوامی ناظرین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

فرانس میں پاکستان کے سفارت خانے سے جاری بیان کے مطابق پاکستان کی فرانس میں سفیر ممتاز زہرہ بلوچ نےصنم ماروی اور ان کی ٹیم کی شان دار کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستانی موسیقی نے ایک بار پھر پیرس میں اپنی پہچان قائم کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج کے دور میں ثقافتی سفارت کاری اقوام اور معاشروں کو قریب لانے کا بہترین ذریعہ ہے۔

ممتاز زہرہ بلوچ نے صنم ماروی کے فروخت شدہ کنسرٹ کی کامیابی کو پاکستان کے ثقافتی تشخص کے فروغ کے لیے ایک خوش آئند پیش رفت قرار دیا۔

اس موقع پر صنم ماروی نے کہا کہ موسیقی زندگی کا ذائقہ ہے اور ہمیں اپنی روایتی موسیقی سے بے پناہ محبت ہے اور پیرس کے بین الاقوامی سامعین کی پذیرائی ان کے لیے ایک ناقابلِ فراموش تجربہ ہے۔

تھیاتر دے لا ویل کی انتظامیہ نے کہا کہ صنم ماروی جیسے فن کاروں کی پیش کش فرانسیسی شائقین کو عالمی موسیقی سے لطف اندوز ہونے کا موقع فراہم کرتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ موسیقی کی کوئی سرحد نہیں ہوتی اور اس پروگرام کا مقصد بین الاقوامی فن کاروں اور ان کے ممالک کو فرانسیسی عوام سے متعارف کرانا ہے۔

Similar Posts