لاہور رنگ روڑ پر سفر کرنے والے ہوجائیں خبردار، ہر گاڑی کی ہوگی سخت مانیٹرنگ

پنجاب حکومت نے لاہور رنگ روڈ پر سفر کرنے والی گاڑیوں کی جدید نگرانی کے لیے کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

 اس منصوبے کی منظوری صوبائی وزیر تعمیرات و موصلات ملک صہیب احمد بھرتھ نے دے دی۔ اجلاس میں صوبائی وزیر کو کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی، جس میں سیکرٹری سی اینڈ ڈبلیو سہیل اشرف، چیئرمین پنجاب رنگ روڈ اتھارٹی فیصل فرید اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران شریک تھے۔

ملک صہیب احمد بھرتھ کے مطابق کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر سے رنگ روڈ سے گزرنے والی روزانہ ایک لاکھ پچاس ہزار گاڑیوں کی مانیٹرنگ کی جائے گی۔ ٹریفک مینجمنٹ کے ساتھ ساتھ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں پر بھی سخت نظر رکھی جائے گی۔

صوبائی وزیر نے بتایا کہ انٹیلیجنٹ ٹرانسپورٹ سسٹم کو کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر سے منسلک کیا جائے گا، جس کے تحت اسپیڈ ریڈار، اے آئی کنٹرول کیمرے، ویٹ اسٹیشن اور دورانِ ڈرائیونگ موبائل فون کے استعمال کی مانیٹرنگ ممکن ہوگی۔

انہوں نے مزید بتایا کہ کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر رنگ روڈ اتھارٹی کے ہیڈ آفس میں قائم کیا جائے گا، جہاں 42 بڑی اسکرینز اور 20 تجزیاتی اسکرینز نصب کی جائیں گی۔

ملک صہیب احمد بھرتھ کے مطابق منصوبہ 871 ملین روپے کی لاگت سے چار ماہ میں مکمل کیا جائے گا اور یہ سنٹر رنگ روڈ اتھارٹی کے ایچ آر ڈپارٹمنٹ سے آپریشنل ہوگا۔

Similar Posts