تھانہ گوجرخان کے علاقے کے نجی اسکول کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی جس میں ہاتھ میں ڈنڈا پکڑے ایک شخص ایک چھوٹے بچے، جس کو تین سے چار افراد نے ہاتھوں اور ٹانگوں سے الٹا ہوا میں اٹھا رکھا ہے، اور ڈنڈا بردار بچے کے کولہوں، کمر اور ٹانگوں وغیرہ پر پے درپے ڈنڈے برسا رہا ہے۔
اس دوران بچے کو چیخ چیخ کر دہائیاں دیتے بھی سنا جا سکتا ہے اور ڈنڈا بردار جس کے متعلق پتہ چلا ہے کہ اسکا ٹیچر اور رشتہ دار بھی ہے، اس کو جملے کستے سنا جا سکتا ہے۔
ویڈیو میں بچہ مار کھا کر زمین پر بیٹھتا ہے لیکن اس وقت بھی بچے پر ڈنڈے برساتے دیکھا جا سکتا ہے اور بچے کو آئندہ نہ کرنے کا وعدہ کرنے کا کہتے ہوئے بھی سنا جا سکتا ہے۔
ویڈیو وائرل ہونے پر ایس ایچ او گوجرخان انسپکٹر طیب ظہیر اور گوجر خان پولیس ٹیم نے اسکول کا پتہ چلا کر ٹیچر کو تحویل میں لے لیا۔
پولیس حکام کا کہنا تھا کہ واقعے سے متعلق ویڈیو تقریباً ایک سال پرانی ہے، جب بچے کے والد سے رابطہ ہوا ہے جن کا موقف ہے کہ بچہ سگریٹ پیتا تھا تو خود ٹیچرز سے کہا اس کو سزا دیں جبکہ ٹیچر بھی بچے کا اپنا رشتہ دار ہے تاہم ویڈیو میں بچے پر تشدد دیکھ کر ٹیچر کو تحویل میں لے لیا ہے اور قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جاری ہے۔
ادھر، چائلڈ پروٹیکشن بیورو راولپنڈی کے حکام نے بھی ویڈیو سامنے آنے پر گوجر خان پولیس سے رجوع کرلیا ہے۔