کشمور میں ڈاکوؤں کی جانب سے چیک پوسٹ سے اغوا کیے گئے کسٹمز انسپکٹر، اہلکار اور خانساماں تاحال بازیاب نہ ہو سکے۔ ڈاکوؤں نے مغوی اہلکاروں کی ایک ویڈیو جاری کی ہے، جس میں اپنے گرفتار ساتھیوں کی رہائی کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
گزشتہ روز ڈاکو کشمور کی ایک چیک پوسٹ پر تعینات کسٹمز انسپکٹر راشد علی، اہلکار وزیر میمن اور خانساماں کنبیر چاچڑ کو اغوا کر کے کچے کے علاقے میں لے گئے تھے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ مغویوں کی بازیابی کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
واضح رہے کہ پانچ ماہ قبل بھی ڈاکوؤں نے ڈیرہ موڑ کے مقام سے ہندو تاجر راجیش کمار کو اغوا کیا تھا، جو تاحال بازیاب نہیں ہو سکا۔ اس کیس میں ڈاکو یاسین گینگ کے چند کارندے پولیس کی حراست میں ہیں، جن کی رہائی کے بدلے مغویوں کو چھوڑنے کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔