خیبرپختونخوا حکومت کے مشیر اطلاعات بیرسٹر ڈاکٹر محمد علی سیف نے میڈیا کے ذریعے اسٹیبلشمنٹ سے مذاکرات کی خبریں نشر کرنے پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ بانی چیئرمین نے اسٹیبلشمنٹ سے مذاکرات کے بارے میں کسی کو کوئی نیا ٹاسک نہیں دیا۔ انہوں نے میڈیا سے درخواست کی کہ وہ بغیر تصدیق کے ذرائع سے خبریں نشر کرنے سے گریز کرے۔
بیرسٹر سیف نے مزید کہا کہ عمران خان سے ملاقات میں حکومتی معاملات، دہشت گردی اور افغانستان کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ بانی چیئرمین نے وزیراعلیٰ کو حکومتی معاملات کے حوالے سے ہدایات دیں، جبکہ انہیں دہشت گردی اور افغانستان کے مسائل پر بات کرنے کی ہدایات دی گئیں۔
بانی پی ٹی آئی نے گنڈا پور اور بیرسٹر سیف کو اسٹیبلشمنٹ سے مذاکرات کا ٹاسک دے دیا
انہوں نے یہ بھی کہا کہ بانی چیئرمین نے واضح طور پر کہا کہ وہ اپنی ذاتی رہائی یا فائدے کے لیے اسٹیبلشمنٹ سمیت کسی سے بات چیت نہیں کریں گے۔ بانی چیئرمین نے ملک کی معاشی ترقی اور سیاسی استحکام کو اپنی اولین ترجیح قرار دیا اور کہا کہ معاشی ترقی سیاسی استحکام کے بغیر ممکن نہیں ہے۔
بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے مزید بتایا کہ بانی چیئرمین نے کہا کہ پی ٹی آئی کو دیوار سے لگانے کی کوششیں بند کرنی ہوں گی کیونکہ پی ٹی آئی ایک حقیقت ہے اور اسے تسلیم کرنا ضروری ہے۔