کسی صوبے کو خوراک اور اجناس کی ترسیل روکنے کا اختیار نہیں، وزیراعلیٰ پختونخوا

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ  کسی صوبے کو خوراک اور اجناس کی ترسیل روکنے کا کوئی اختیار نہیں ہے۔

سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے بین الصوبائی رابطہ کے وفد نے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمد سہیل آفریدی سے ملاقات کی، جس میں وفد نے انہیں منصب سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی۔

اجلاس میں پنجاب حکومت کی جانب سے گندم کی آزاد نقل و حرکت پر پابندیوں کا معاملہ زیرِ غور آیا۔ اس حوالے سے سہیل آفریدی نے کہا کہ  آرٹیکل 151 کے تحت بین الصوبائی تجارت تمام صوبوں کا آئینی حق ہے۔ کسی صوبے کو خوراک اور اجناس کی ترسیل روکنے کا کوئی اختیار نہیں۔ سیاسی اختلافات اپنی جگہ مگر عوام کے رزق پر سیاست نہیں ہونی چاہیے۔

انہوں نے وفد کو خیبر پختونخوا کے عوام کا سفیر قرار  دیتے ہوئے کہا کہ  گندم کے مسئلے کے حل کے لیے بین الصوبائی ہم آہنگی ضروری ہے۔

وفد میں سینیٹر دلاور خان، محسن عزیز، نسیمہ احسان، ناصر محمود، ہدایت اللہ خان، نیاز احمد اور مصدق مسعود سمیت دیگر ارکان شریک تھے جب کہ ملاقات میں مشیر خزانہ مزمل اسلم، سیکرٹری خوراک شاہ محمود اور دیگر حکام بھی موجود تھے۔

Similar Posts