ان کا کہنا تھا کہ ہمیں کلامِ اقبال کے پیغام کو زندہ اور جاوید رکھنا ہوگا اور ہم پاکستانیوں کو اقبال کے کلام کی عملی تعبیر بن کر دنیا کے لیے ایک نمونہ ثابت ہونا چاہیے۔علامہ اقبال کا جشنِ ولادت سیالکوٹ ان کے محلے میں منانا انتہائی خوش آئند ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے اقبال منزل میں یومِ ولادت کی منعقدہ تقریب کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
اس موقع پرصوبائی وزیر محنت و افرادی قوت منشاء اللہ بٹ ،ممبر صوبائی اسمبلی چوہدری فیصل اکرام اہل علاقہ اور دیگر شہری بھی موجود تھے۔
وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ علامہ اقبال کے اردو و فارسی کلام کو ہمیشہ زندہ و جاوید رکھنا چاہیے اور ہمیں ان کے فلسفے اور خواب کی عملی تعبیر کے لیے کام کرنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ خوشی کی بات ہے کہ یہ جشن شاعرِ مشرق کے محلے میں منایا جا رہا ہے اور یہاں موجود چہرے بھی علامہ اقبال کے خاندان یا ان کے قریبی تعلقات سے جڑے ہیں۔
خواجہ آصف نے کہا کہ بدقسمتی سے ہم علامہ اقبال کے اصل پیغام سے دور ہوتے جا رہے ہیں، حالانکہ انہوں نے مسلمانوں کے لیے الگ وطن کا خواب دیکھا اور پوری زندگی محبت، عزم اور لگن کے ساتھ اس کے لیے کام کیا۔ ان کے فلسفہ اور شاعری کو نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا بھر میں آج بھی قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ آج امت مسلمہ بھٹکی ہوئی ہے اور ظلم غزہ سے لے کر مقبوضہ کشمیر تک جاری ہے۔
انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ ہمیں طاقت عطا فرمائے کہ ہم مظلوم بھائی بہنوں اور بچوں کی مدد کر سکیں اور ان کے حق میں آواز بلند کر سکیں۔ امت مسلمہ متحد ہو تاکہ وہی مشکلات پوری امت کو گھیر نہ لیں جو آج فلسطین اور کشمیر کے مسلمانوں کو درپیش ہیں۔
قبل ازیں وزیر دفاع خواجہ محمد آصف اور دیگر نے اقبال منزل پر علامہ اقبال کی سالگرہ کا کیک کاٹا۔اس موقع پر علامہ اقبال کے ایصالِ ثواب اور ملک کے تحفظ کیلئے دعاکی گئی۔