زرمبادلہ کی دونوں مارکیٹوں میں ڈالر مزید سستا ہوگیا

مختلف عوامل کے باعث زرمبادلہ کی دونوں مارکیٹوں میں آج بھی ڈالر کی نسبت روپیہ تگڑا رہا۔

عالمی بینک سے 60 کروڑ ڈالر کی فنانس ریفارمز ڈیل جلد پایہ تکمیل تک پہنچنے، ایشیائی ترقیاتی بینک کی جانب سے 40 ریاستی اداروں میں اصلاحات کے لیے 40کروڑ ڈالر کی فنڈنگ، معتدل افراط زر اور ترسیلات زر میں بتدریج اضافے جیسے عوامل کے باعث زرمبادلہ کی دونوں مارکیٹوں میں منگل کو بھی ڈالر کی نسبت روپیہ تگڑا رہا۔

آئی ایم ایف سے قرض پروگرام کی اگلی قسط سمیت کلائمیٹ فنانسنگ منظور ہونے کی توقعات کے باعث انٹربینک مارکیٹ میں کاروبار کے تمام دورانیے میں ڈالر تنزلی سے دوچار رہا جس سے ایک موقع پر ڈالر کی قدر 24پیسے کی کمی سے 280 روپے 56پیسے کی سطح پر بھی آگئی تھی۔

لیکن سپلائی میں بہتری رونما ہوتے ہی درآمدی ضروریات کی طلب بڑھنے سے کاروبار کے اختتام پر ڈالر کی قدر مزید 03پیسے کی کمی سے 280روپے 77پیسے کی سطح پر بند ہوئی جبکہ اوپن کرنسی مارکیٹ میں بھی ڈالر کی قدر 04پیسے کی کمی سے 281روپے 81پیسے کی سطح پر بند ہوئی۔

Similar Posts