ترک فضائیہ کا سی ون تھرٹی کارگو طیارہ آذربائیجان سرحد کے قریب گر کر تباہ ہوگیا، طیارہ آذربائجان سے روانہ ہوا تھا اور واپس ترکیہ جارہا تھا جب کہ طیارے میں 20 افراد سوار تھا، فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ طیارے کے فضا میں ہی دو ٹکڑے ہوئے اور دھواں چھوڑتا زمین پر جاگرا۔
ترک میڈیا کے مطابق ترکی وزارتِ دفاع نے تصدیق کی ہے کہ منگل کے روز ترک فضائیہ کا سی 130 فوجی کارگو طیارہ جارجیا کی فضائی حدود میں گر کر تباہ ہوگیا، طیارے میں 20 فوجی اہلکار موجود تھے۔
ترک وزارتِ دفاع کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ سی 130 طیارہ آذربائیجان سے ترکی کے لیے روانہ ہوا تھا کہ جارجیا اور آذربائیجان کی سرحد کے قریب حادثے کا شکار ہوگیا۔ آذربائیجانی اور جارجیائی حکام کے تعاون سے سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن شروع کر دیا گیا ہے تاہم حادثے کی وجوہات تاحال معلوم نہیں ہو سکیں۔
ہنگامی بنیادوں پر جاری کارروائی کے دوران حادثے کی ایک ویڈیو بھی سامنے آئی ہے، جس میں طیارہ زمین کی طرف گھومتا ہوا دکھائی دیتا ہے جب کہ اس کے پروں سے سفید دھواں اٹھتا نظر آرہا ہے۔
بعد ازاں ترک صدر رجب طیب اردوان نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں اس حادثے پر گہرے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ممکنہ جانی نقصان کی نشاندہی کی۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ“ہمیں یہ خبر انتہائی افسوس کے ساتھ موصول ہوئی، اللہ ہمارے شہدا پر رحم فرمائے۔”
جارجیا کی وزیر خارجہ مکا بوچوریشولی نے ترک وزیر خارجہ ہاکان فدان سے فون پر رابطہ کرکے تعزیت کی اور امدادی سرگرمیوں پر تبادلہ خیال کیا۔
<
center>
ترک سفارتی ذرائع کے مطابق ترک وزیر داخلہ علی یرلی کایا نے بھی بتایا کہ انہوں نے اپنے جارجیائی ہم منصب جیلا گیلاڈزے سے رابطہ کیا ہے تاکہ کارروائیوں کی مزید مؤثر ہم آہنگی ممکن بنائی جا سکے۔ ترک وزیر کے مطابق جارجیا کے وزیر داخلہ حادثے کی جگہ بھی پہنچ چکے ہیں۔
واضح رہے کہ ترک فضائیہ کے پاس سی 130 ہرکولیس طیاروں کی تعداد تقریباً 20 ہے، سی 130 ہرکولیس 4 انجنوں والا ٹربو پراپ ٹرانسپورٹ طیارہ ہے، جو فوجی ساز و سامان کی ترسیل، فورسز کی نقل و حمل اور انسانی ہمدردی کے مشنز میں استعمال کیا جاتا ہے۔ یہ کھردرے فضائی راستوں سے بھی اڑان بھرنے اور طویل فاصلے تک بھاری وزن لے جانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
