امریکا میں سزائے موت کے قیدی ٹرومین ووڈ کی جان سزا سے چند لمحے پہلے بچ گئی۔
ریاست اوکلاہوما کے ریپبلکن گورنر کیون اسٹٹ نے پیرول بورڈ کی سفارش پر اس کی سزائے موت کو عمر قید میں تبدیل کر دیا۔ گورنر کے تقریباً سات سالہ دور میں یہ دوسری مرتبہ ہے کہ انہوں نے کسی قیدی کی سزا کم کی۔
اس فیصلے سے چند گھنٹے پہلے امریکی سپریم کورٹ نے ٹرومین ووڈ کی جانب سے سزائے موت رکوانے کی درخواست مسترد کر دی تھی۔
46 سالہ ٹرومین ووڈ کو 2002 میں ڈکیتی کی کوشش کے دوران 19 سالہ لڑکی کے قتل کے الزام میں سزائے موت سنائی گئی تھی۔
مجرم کے وکلا کے مطابق وہ ڈکیتی میں شامل ضرور تھا لیکن قتل اس کے بھائی نے کیا تھا، جسے عمر قید کی سزا ملی تھی اور وہ 2019 میں جیل ہی میں فوت ہوگیا تھا۔