غزہ میں انٹرمیڈیٹ کے امتحانات کے نتائج کا اعلان کردیا گیا، جہاں 11 فلسطینی لڑکیوں نے 99 فیصد نمبر حاصل کرکے ٹاپ پوزیشن اپنے نام کرلی۔
مسلسل جنگ، بمباری اور مشکلات کے باوجود غزہ کے نوجوان تعلیم کے حصول کے لیے پرعزم ہیں اور مشکل حالات نے ان کے جذبے کو کمزور نہیں کیا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق نتائج کے اعلان کے بعد غزہ کے متاثرہ علاقوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔ کامیاب طالبات کے خاندانوں نے تباہ حال ماحول کے باوجود جشن منایا اور اپنی بچیوں کی کامیابی پر فخر کا اظہار کیا۔
رپورٹ کے مطابق انٹرمیڈیٹ میں کامیاب ہونے والے کئی طلبہ اور طالبات اسرائیلی فوج کی بمباری میں شہید ہو چکے ہیں، تاہم ان کے ساتھیوں نے ثابت کیا کہ تعلیم کی جدوجہد جاری رہے گی۔