کراچی کے علاقے شارع فیصل پر گاڑی کی ٹکر سے میاں بیوی کی ہلاکت کے کیس میں پولیس نے گرفتار ملزم انیق کو عدالت میں پیش کردیا۔ جوڈیشل مجسٹریٹ شرقی نے کیس کی سماعت کی اور تفتیشی افسر سے ملزم کے ریمانڈ کے بارے میں سوالات کیے۔
تفتیشی افسر نے بتایا کہ ملزم کو 8 دن کا ریمانڈ مل چکا ہے، تاہم عدالت نے اس سے سوال کیا کہ ملزم کی عمر کے تعین کی رپورٹ کہاں ہے؟ جس پر تفتیشی افسر نے بتایا کہ وہ عمر کے تعین کے لیے ملزم کو اسپتال لے گئے تھے، لیکن عید کی چھٹیوں کی وجہ سے رپورٹ نہیں مل سکی۔
عدالت نے مزید سوال کیا کہ کیا ابتدائی رپورٹ موصول ہوچکی ہے؟ جس پر تفتیشی افسر نے کہا کہ ابھی تک ابتدائی رپورٹ بھی نہیں ملی۔
تفتیشی افسر نے یہ بھی بتایا کہ گاڑی کا مالک ابھی تک گرفتار نہیں ہوسکا اور شریک ملزم کے گھر پر تالا لگا ہوا ہے۔
مقدمہ کے دوران مدعی مقدمہ اور ملزم کے وکلاء کے درمیان تلخ کلامی بھی ہوئی۔ آخرکار عدالت نے ملزم انیق کو عدالتی ریمانڈ پر جیل بھیج دیا اور آئندہ سماعت پر عمر کے تعین سے متعلق رپورٹ اور چالان طلب کرلیا۔