سحر خان نے پوڈ کاسٹ میں مہمانوں کی تذلیل کیخلاف آواز اٹھادی

پاکستانی ٹی وی انڈسٹری کی معروف اداکارہ سحر خان نے پوڈکاسٹ میں مہمانوں کو بلاکر انکی تذلیل اور شرمندہ کرنے کو گھٹیا ٹرینڈ قرار دے دیا۔

اپنی انسٹاگرام اسٹوری میں سحر خان نے حالیہ دنوں میں بڑھتے ہوئے ایسے پوڈکاسٹس اور شوز پر سخت تنقید کی ہے جو مواد کے نام پر لوگوں خصوصاً خواتین، کو شرمندہ کرتے ہیں۔ 

سحر خان  نے لکھا کہ آج کل بہت سے پوڈکاسٹس واقعی پریشان کن ہو چکے ہیں جہاں مہمانوں کو صرف اس لیے بلایا جاتا ہے تاکہ انہیں شرمندہ کیا جائے یا ایسے سوالات پوچھے جائیں جو انہیں بے بس کر دیں۔

مزید پڑھیں: ’گالیاں پڑتی ہیں‘، تنقید کے باوجود ٹک ٹاکر وردہ ملک کی 15 منٹ کی آمدن 1 لاکھ روپے سے زائد

سحر خان نے بتایا کہ وہ ایک ایسے پوڈکاسٹ پر نظر سے گزریں جس میں میزبان نے ایک خاتون کو اُن کی اپنی ویڈیوز دکھاکر یہ پوچھا کہ کیا وہ خود سمجھتی ہیں کہ یہ ٹھیک ہے یا غلط۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ آخر یہ لوگ کون ہوتے ہیں کسی کے لیے درست یا غلط کا فیصلہ کرنے والے؟۔

اُنہوں نے مزید کہا کسی کو یہ حق نہیں کہ وہ دوسروں کی زندگی کے طریقے پر حکم چلائے۔ زندگی اللہ نے دی ہے اور انسان خود جواب دہ ہے۔ غلط اور صحیح کا معاملہ بندے اور خدا کے درمیان ہے۔

اداکارہ نے لوگوں کو خبردار کیا کہ ایسے پروگراموں میں جانے سے گریز کریں جہاں مقصد صرف بے عزتی ہو، افسوس ہے کہ یہ شخص بار بار مہمانوں کو صرف نیچا دکھانے کے لیے بلاتا ہے۔ انہوں نے نام لیے بغیر میزبان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اپنی زندگی جیو اور دوسروں کو تکلیف دینا چھوڑ دو۔

اگرچہ سحر خان نے کسی کا نام نہیں لیا مگر ان کا بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ریحان طارق کی پوڈکاسٹ میں ٹک ٹاک اسٹار وردہ ملک کے ساتھ تضحیک آمیز رویہ سوشل میڈیا پر زیر بحث ہے۔ 

شو میں میزبان نے وردہ ملک کی اپنی ویڈیوز چلائیں جس میں وہ ڈانس کر رہی تھیں یا پول میں تفریح کر رہی تھیں اور بار بار اُن سے پوچھا کہ کیا یہ جائز ہے۔

مردوں پر مشتمل پینل نے بھی وردہ ملک سے اسی نوعیت کے سوالات جاری رکھے جس سے وردہ واضح طور پر ناخوش اور بے چین نظر آئیں اور یہ وضاحت کرتی رہیں کہ انہیں ڈانس، موسیقی اور اپنی مرضی کا مواد پوسٹ کرنا پسند ہے۔

واضح رہے کہ ماضی میں معروف یوٹیوبر نادر علی بھی اپنی پوڈکاسٹ میں متنازع اور خواتین کو نشانہ بنانے والے سوالات پر شدید تنقید کا سامنا کر چکے ہیں۔

Similar Posts