شکریہ رونالڈو! میرا بیٹا اب میری زیادہ عزت کرے گا، صدر ٹرمپ

عالمی شہرت یافتہ فٹبال اسٹار کرسٹیانو رونالڈو نے منگل کو وائٹ ہاؤس کا دورہ کیا جہاں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے اعزاز میں عشائیے کی میزبانی کی۔ 

عشائیے میں رونالڈو امریکی صدر اور سعودی ولی عہد کے قریب بیٹھے جہاں ایپل کے سی ای او ٹم کک اور ٹیسلا کے بانی ایلون مسک بھی موجود تھے۔

صدر ٹرمپ نے تقریب میں شرکت پر کرسٹیانو رونالڈو کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کا سب سے چھوٹا بیٹا 19 سالہ بیرون رونالڈو کا بہت بڑا فین ہے اور وہ  آج آپ سے ملاقات کرکے بہت خوش ہوا ہے۔

ٹرمپ نے مزید کہا رونالڈو کی بیرون سے ملاقات ہو گئی اور میرا خیال ہے اب وہ مجھے تھوڑی زیادہ عزت دے گا کیونکہ میں نے اس کو فٹبال اسٹار سے ملوایا ہے۔

واضح رہے کہ یہ رونالڈو کا 2014 کے بعد امریکہ کا پہلا دورہ تھا، فٹبالر اسٹار مستقل طور پر سعودی عرب میں ہی قیام پذیر ہیں۔

رونالڈو سعودی کلب النصر کے لیے کھیلتے ہیں اور 2022 میں انہوں نے 200 ملین ڈالر سالانہ تنخواہ پر معاہدہ سائن کیا تھا، سعودی عرب 2034 میں ورلڈ کپ کی میزبانی کرے گا۔
 
رونالڈو اگلے سال عالمی کپ کے چھٹے ایڈیشن میں حصہ لیں گے لیکن پہلے میچ میں ممکنہ طور پر فیفا کی پابندی کا سامنا کر سکتے ہیں۔

پرتگال نے حال ہی میں 2026 کے ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کیا تھا جس میں امریکہ، کینیڈا اور میکسیکو شریک میزبان ہیں۔

Similar Posts