لال بیگ کا خوف، خاتون نے گھر ہی جلا ڈالا

جنوبی کوریا کے شمالی شہر آسان میں ایک حیران کن واقعہ پیش آیا، جہاں ایک خاتون نے اپنے اپارٹمنٹ میں لال بیگ مارنے کی کوشش کے دوران عمارت کو آگ لگادی۔

پولیس کے مطابق خاتون نے لائٹر اور آگ پھینکنے والا آلہ استعمال کیا، لیکن وہ منصوبہ پوری طرح کامیاب نہ ہوا اور گھر کے دوسرے سامان میں بھی آگ پھیل گئی۔

بدقسمتی سے اس حادثے میں ایک خاتون کھڑکی سے گر کر ہلاک ہو گئیں۔ پولیس اب خاتون کی گرفتاری کے لیے وارنٹ حاصل کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ ملزمہ نے بیان دیا کہ وہ پہلے بھی اسی طریقے سے کیڑے مارنے کی کوشش کرچکی ہیں، لیکن اس بار یہ منصوبہ ناکام رہا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ خاتون پر غیر ذمے داری اور حادثاتی آگ لگانے کے الزامات عائد ہو سکتے ہیں، جس کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک ہوا۔

سوشل میڈیا پر ایسے لائٹرز یا آگ پھینکنے والے دیسی ساختہ آلات کی مدد سے کیڑے مارنے کی ویڈیوز کافی مقبول ہیں، لیکن اکثر یہ کوششیں خطرناک ثابت ہوتی ہیں۔ 2018 میں آسٹریلیا میں بھی ایک شخص نے لال بیگ مارنے کی کوشش میں اپنا کچن جلا دیا تھا، جس سے اس بات کی تصدیق ہوتی ہے کہ یہ طریقہ نہ صرف غیر محفوظ بلکہ مہلک بھی ہو سکتا ہے۔

Similar Posts