سوزوکی مہران کی ممکنہ واپسی سے متعلق سوشل میڈیا پر پھیلنے والی افواہوں کا سلسلہ ختم ہو گیا ہے۔ پاک سوزوکی میاں چنوں موٹرز نے واضح طور پر اعلان کیا ہے کہ کمپنی کی جانب سے مہران کو دوبارہ متعارف کرانے کا کوئی منصوبہ نہیں ہے۔
گزشتہ ہفتے کے دوران سوشل میڈیا پر مصنوعی ذہانت (AI) سے تیار کی گئی ویڈیوز وائرل ہوئیں جن میں ایک چھوٹی گاڑی کو ”Mehran 2025“ کے برانڈ کے ساتھ دکھایا گیا۔ ان ویڈیوز نے دیکھنے والوں کو یہ تاثر دیا کہ مہران دوبارہ مارکیٹ میں آ رہی ہے۔
کئی غیر مصدقہ ویب سائٹس نے ان ویڈیوز کی بنیاد پر گاڑی کی ممکنہ قیمت بھی بتائی، جس کے مطابق یہ گاڑی 12 لاکھ روپے سے شروع ہو کر 16 لاکھ روپے تک جا سکتی تھی۔
تاہم پاک سوزوکی میاں چنوں موٹرز نے تمام افواہوں کو غلط قرار دیتے ہوئے واضح کر دیا ہے کہ کمپنی نہ تو مہران کا کوئی نیا ماڈل تیار کر رہی ہے، اور نہ ہی اس کی دوبارہ لانچنگ کا کوئی ارادہ رکھتی ہے۔

کمپنی نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ ایسی ویڈیوز اور خبریں مکمل طور پر نظر انداز کریں جو مہران کی واپسی سے متعلق دعوے کر رہی ہیں۔
یاد رہے کہ سوزوکی مہران، جو کئی دہائیوں تک پاکستان کی سڑکوں پر راج کرتی رہی، اسے 2019 میں بند کر دیا گیا تھا۔ اپنی سادگی، کم قیمت اور آسان مرمت کے باعث یہ گاڑی ”دی باس“ کے لقب سے مشہور ہوئی۔ اس کے بعد کمپنی نے سوزوکی آلٹو جیسے نئے ماڈلز متعارف کروائے۔