ایکسپریس نیوز کے مطابق لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی ڈویژن بینچ نے توہین رسالت کے مقدمے میں 4 ملزمان کی اپیل پر سماعت کی، جس میں عدالت نے 4 ملزمان کی پھانسی کی سزائیں کالعدم قرار دے دیں۔
عدالت نے چاروں ملزمان کی بریت ساتھ رہائی کا حکم جاری کردیا۔
واضح رہے کہ چاروں ملزمان فیضان رزاق،عثمان لیاقت،وزیر گل اور امین رئیس اڈیالہ جیل قید ہیں ۔ ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج راولپنڈی نے 2023ء میں چاروں ملزمان کو توہین رسالت کیس میں پھانسی کی سزا سنائی تھی۔ عدالت نے چاروں ملزمان کو سزائے موت کے ساتھ ایک ایک لاکھ روپے جرمانہ بھی عائد کیا تھا۔
ملزمان کے خلاف ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ نے مقدمہ درج کیا تھا، جس میں ملزمان پر مقدس شخصیات کے خلاف پوسٹیں اپ لوڈ کرنے کا الزام تھا ۔
لاہور ہائی کورٹ کے راولپنڈی ڈویژن بینچ نے ٹیکنیکل گراؤنڈز پر ملزمان کو بری کرنے کا حکم دیا۔ عدالت نے فیصلے میں کہا کہ موبائل فون کا فرانزک نہیں ہوا کہ یہ کس کی ملکیتی ہیں ۔ مقدمے کی شفاف تفتیش کے لیے تمام ٹیکنیکل پہلوؤں پر تفتیش ضروری ہے ۔ عدالت نے حکم دیا کہ ملزمان کسی اور کیس میں گرفتار نہیں تو فوری رہا کیا جائے۔