ریسکیو 1122 نے کہا کہ تحصیل پبی کے علاقہ ڈاگ جدید میں ایک گھر کی چھت گرنے کا دلخراش واقعہ پیش آیا۔ حادثے کے نتیجے میں گھر کے 8 افراد ملبے تلے دب گئے، ابتدائی اطلاعات کے مطابق 5 افراد جاں بحق جبکہ 3 افراد زخمی ہوئے۔
نوشہرہ ریسکیو 1122 کی میڈیکل اور ڈیزاسٹر ٹیمیں اطلاع ملتے ہی موقع پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیاں فوری طور پر شروع کر دیں۔
ریسکیو اہلکاروں نے مسلسل کوششوں کے بعد ملبے تلے دبے تمام افراد کو کامیابی کے ساتھ نکال کر زخمیوں اور جاں بحق افراد کو موقع پر ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد پبی اسپتال منتقل کر دیا۔
واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ڈائریکٹر آپریشنز ریسکیو خیبر پختونخوا ڈاکٹر میر عالم خان اور ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر نوشہرہ ملک اشفاق حسین بھی موقع پر پہنچ گئے۔
دونوں افسران نے ریسکیو آپریشن کی براہِ راست نگرانی کی، سرچ اینڈ ریسکیو ٹیموں کی رہنمائی کی اور مجموعی صورتحال کا جائزہ لیا۔