صوبائی وزیر کی زیرصدارت اجلاس میں ملازمین کی تنخواہیں بڑھانے کی منظوری

صوبائی وزیر بلدیات کی زیرصدارت اہم اجلاس ہوا،  جس میں کنٹریکٹ ملازمین کی تنخواہیں  بڑھانے کی منظوری دی گئی۔

چیئرمین اسٹیئرنگ کمیٹی سندھ سولڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ  اور وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ کی زیر صدارت پانچویں اسٹیئرنگ کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں اہم فیصلے کیے گئے اور ان کی منظوری بھی دی گئی۔

اجلاس میں میئر کراچی بیرسٹرمرتضیٰ وہاب، میئر سکھر بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ، میئر حیدرآباد کاشف شورو،میئر میرپور خاص عبدالرؤف، سیکرٹری لوکل گورنمنٹ سندھ وسیم شمشاد علی،ا یم ڈی سندھ سولڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ طارق علی نظامانی،ایڈیشنل سیکرٹری بجٹ اینڈایکس پینڈیچر، ایڈیشنل کمشنر کراچی، ویڈیو لنک پر میئر شہید بینظیر آباد، ڈی سی لاڑکا نہ و دیگر افسران موجود تھے۔

اجلاس میں چوتھی اسٹیئرنگ کمیٹی کے منٹس کی منظوری دی گئی، جس پر تمام ممبران کی جانب سے دستخط کیے گئے تھے۔اجلاس میں ریوائزڈبجٹ کی منظوری کے لیے جو ہدایت دی گئی تھیں اس میں پیش رفت سے آگاہ کیا گیا۔

اجلاس میں ماڈرن جی ٹی ایس کے لیے ٹیکنیکل اور کوالیفائیڈ افسران و عملے کے عہدے تشکیل دینے کے لیے وزیر بلدیات نے کہا کہ ایک سب کمیٹی بنائیں اوراس پر مزید ورکنگ کرکے پروپوزل بنائیں اور اگلی میٹنگ میں ڈسکس کے لیے رکھیں۔

اس کے علاوہ ایجنڈے میں شامل صفائی ستھرائی کے کام کے لیے پائیدار نظام کی فراہمی، جس میں ادارہ خود اپنے اخراجات پورے کرے گا، کے سلسلے میں منصوبہ رکھا گیا جس میں صفائی ستھرائی کی مد میں رہائشی اور کمرشل ایریا میں گھر اور دکان کے رقبے کے مطابق فیس رکھنے اور فیس کلیکشن کے سلسلے میں 2، 3 منصوبوں پر بحث ہوئی۔

اس کے علاوہ ماڈرن جی ٹی ایس اور انجینئرڈ لینڈ فل سائٹ پر کچرے کی ری سائیکلنگ کرکے ماحول کو آلودگی سے بچانے کے ساتھ ساتھ کاربن کریڈٹ حاصل کرنے کے منصوبے بھی پائیدار نظام میں شامل ہیں۔

وزیر بلدیات نے ہدایت کی کہ اس منصوبے کو میئر کراچی کی تجاویز کے بعد مزید جامع بنائیں اور اگلی میٹنگ میں رکھیں۔اجلاس میں سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کے دفاتر دوسری جگہ بنانے کی منظوری دی گئی۔ اس کے علاوہ کنٹریکٹ ملازمین کی تنخواہیں بڑھانے کی منظوری بھی دی گئی۔

وزیر بلدیات نے واضح طور پر احکامات دیے کہ تمام نجی کمپنیز اور ادارے اپنے ملازمین کو سندھ حکومت کے تحت مقرر کردہ کم سے کم اجرت کی ادائیگی کو ہر صورت یقینی بنائیں۔ اجلاس کے اختتام پروزیر بلدیات سندھ نے کہا کہ تمام اضلاع میں سندھ سولڈ ویسٹ مینجمنٹ اپنے مانیٹرنگ کے نظام کو مزید مستحکم کرے اور عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کریں۔

Similar Posts