پولیس ترجمان کے مطابق شہر بھر میں 2100 سے زائد پولیس اہلکار تعینات کیے گئے ہیں جبکہ حساس پولنگ اسٹیشنز پر خصوصی نگرانی کی جارہی ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ اے کیٹیگری کے پولنگ اسٹیشنز کی سی سی ٹی وی کیمروں اور ڈرون ٹیکنالوجی کے ذریعے مانیٹرنگ کی جارہی ہے۔
ضمنی انتخابات میں مجموعی طور پر 19 پولنگ اسٹیشنز کو اے کیٹیگری، 115 کو بی اور 336 کو سی کیٹیگری میں شامل کیا گیا ہے۔
پولیس ترجمان نے مزید کہا کہ ایلیٹ فورس اور کوئیک ریسپانس ٹیمیں ممکنہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر الرٹ ہیں۔
ووٹرز کو بلا خوف و خطر اپنے حقِ رائے دہی کے استعمال کے لیے مکمل سیکیورٹی فراہم کی جارہی ہے۔
ترجمان پولیس نے واضح کیا کہ قانون شکنی، بدامنی یا کسی بھی قسم کی شرپسندی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی اور قواعد کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔