کراچی میں 31 ارب روپے کی 756 ترقیاتی اسکیمیں تیزی سے جاری ہیں، شرجیل میمن

سندھ کے سینئر وزیر اور صوبائی وزیر برائے اطلاعات، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ سندھ حکومت کی سنجیدہ اور فعال پالیسی کے تحت کراچی میں اس وقت 756 ترقیاتی اسکیمیں جاری ہیں، جن کا مقصد شہر کے بنیادی ڈھانچے کو مضبوط اور جدید بنانا ہے۔

ایک بیان میں انہوں نے کہا ہے کہ کراچی ڈیویلپمنٹ اتھارٹی کی 76 اسکیمیں سوا 13 ارب روپے کی لاگت سے چل رہی ہیں، جبکہ کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن کی 200 اسکیموں پر 18 ارب 36 کروڑ روپے خرچ کیے جا رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت شہر کو جدید، محفوظ اور سہولتوں سے آراستہ بنانے کے لیے تمام وسائل استعمال کر رہی ہے اور عوام کے تعاون سے ترقیاتی عمل مزید تیز کیا گیا ہے۔

شرجیل میمن نے کہا کہ صوبائی حکومت اہم منصوبوں پر تیزی سے کام کر رہی ہے تاکہ شہر کے انفراسٹرکچر کو جدید تقاضوں کے مطابق اپ گریڈ کیا جا سکے۔

شرجیل انعام میمن کا کہنا تھا کہ ان منصوبوں کی تکمیل سے شہریوں کو نمایاں ریلیف ملے گا اور مشکلات کے باوجود کوشش کی جا رہی ہے کہ تمام کام مقررہ مدت میں مکمل ہوں۔

Similar Posts