پی ٹی آئی کا رونا کام نہ آئیگا جیلوں میں ڈالنے کی روایت آپ نے ہی قائم کی تھی، مریم نواز

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کا رونا کام نہیں آئے گا جیلوں میں ڈالنے کی روایت آپ نے ہی قائم کی تھی۔

لاہور میں تقریب کے دوران نومنتخب ارکان اسمبلی سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے پنجاب کے حالیہ ضمنی انتخابات میں بڑی منافقت سے کام لیا اگر ہار گئے تو کہیں گے کہ ہم نے بائیکاٹ کیا اگر جیت گئے تو کہیں گے کہ بائیکاٹ کے باوجود جیت گئے۔

انہوں ںے کہا کہ ہمیں موروثی سیاست کا کہنے والی پی ٹی آئی کے رہنماؤں کے رشتہ دار خود الیکشن میں کھڑے تھے، پی ٹی آئی کے بیانیے سے لوگ اب بے وقوف نہیں بنتے، لوگوں کو سمجھ آگئی ہے اسی لیے وہ اب پی ٹی آٗئی کے جلسوں میں بھی نہیں آتے۔

مریم نواز نے کہا کہ پی ٹی آئی کے چار سال تاریخ کے بدترین سال ہیں جو ہمیشہ یاد رہیں گے، ان کا چور اور ڈاکو کا بیانیہ کب تک چلتا؟ چار برس میں سیاست کو داغ دار کیا گیا سیاست کو ذاتی دشمنی میں تبدیل کیا گیا، مخالفین کو جیلوں میں ڈالا گیا، چند برس پہلے جو آپ نے کیا اور روایت قائم کی اگر آج آپ اس کا رونا روتے ہیں تو کوئی نہیں سنے گا۔

وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ بدتمیزی، گالم گلوچ، خواتین کو برا بھلا کہنا، آوازیں کسنا یہ سب پی ٹی آئی کا وتیرہ رہا ہے مگر اس الیکشن میں ان کی سیاست ختم ہوگئی۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے مزید کہا کہ نواز شریف کی سیاست کو ختم کرنے والے خود ختم ہوگئے، سازش کرنے والے خود تاریخ کی کتاب میں بند ہوگئے، ہم نے وارثت میں بدتمیزی کرنا اور گالی دینا نہیں سیکھا عوام کی خدمت کرنا سیکھا ہے۔

Similar Posts