کوئٹہ بلدیاتی انتخابات: کاغذات نامزدگی کی جانچ مکمل، منظور یا مسترد ہونے کیخلاف اپیلوں کا آغاز

کوئٹہ میں بلدیاتی انتخابات کے لیے امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال مکمل کر لیا گیا، کاغذات کے منظور یا مستردہونے کے خلاف اپیلیں دائر کرانے کا عمل شروع ہوگیا۔

صوبائی الیکشن کمیشن بلوچستان کے مطابق بلدیاتی انتخابات کے لیے جمع کرائے گئے 3 ہزار 121 امیدواروں کے کاغذاتِ نامزدگی کی جانچ پڑتال کا عمل مکمل کرلیا گیا ہے، چاروں ٹاؤنز میں منظور اور مسترد ہونے والے کاغذات کی تفصیلات جاری کردی گئیں۔

ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق زرغون ٹاؤن میں 943 امیدواروں میں سے 767 کے کاغذات منظور جبکہ 176 مسترد کیے گئے۔ چلتن ٹاؤن میں 703 امیدواروں میں سے 616 کے کاغذات منظور اور 87 مسترد ہوئے۔ سریاب ٹاؤن میں 561 میں سے 483 امیدواروں کے کاغذات منظور اور 78 مسترد قرار پائے۔ اسی طرح تکتو ٹاؤن میں 943 امیدواروں میں سے 844 کے کاغذات منظور جبکہ 99 مسترد کیے گئے۔

ترجمان کے مطابق کاغذاتِ نامزدگی منظور یا مسترد ہونے کے خلاف اپیلیں دائر کرانے کا عمل شروع ہوچکا ہے جس کی آخری تاریخ 28 نومبر مقرر کی گئی ہے۔ اپیلوں پر فیصلے 3 دسمبر کو سنائے جائیں گے۔

امیدواروں کی نظرثانی شدہ فہرست 4 دسمبر کو جاری کی جائے گی جبکہ دستبرداری اور حتمی فہرست 5 دسمبر کو شائع ہوگی۔ انتخابی نشانات کی الاٹمنٹ 6 دسمبر کو شیڈول کے مطابق کی جائے گی۔

ترجمان کے مطابق بلوچستان میں بلدیاتی انتخابات کے لیے پولنگ 28 دسمبر کو منعقد ہوگی۔

Similar Posts