کراچی میں سورج کا قہر جاری، گرمی کی شدت 40 ڈگری محسوس

0 minutes, 0 seconds Read

کراچی میں سورج کی تپش نے شہریوں کو شدید پریشانی میں مبتلا کر دیا ہے۔ آج شہر کا درجہ حرارت 39 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا پہنچا، تاہم گرمی کی شدت 40 ڈگری سینٹی گریڈ تک محسوس کی جا رہی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں شمال مغرب کی سمت سے گرم اور خشک ہوائیں چلنے کا سلسلہ جاری ہے، جن کی رفتار 33 کلومیٹر فی گھنٹہ ریکارڈ کی گئی ہے۔ ہوا میں نمی کا تناسب صرف 11 فیصد ہے، جس کی وجہ سے گرمی کی شدت میں مزید اضافہ ہو رہا ہے۔

ماہرین موسمیات کے مطابق سورج کی شعاعوں کا انڈیکس 9 تک پہنچ چکا ہے، جو شہریوں کے لیے خطرے کی علامت سمجھا جا رہا ہے۔ ایسے میں ماہرین نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ دھوپ میں بلا ضرورت نکلنے سے گریز کریں، سر کو ڈھانپ کر رکھیں اور پانی کا زیادہ سے زیادہ استعمال کریں۔

محکمہ موسمیات نے اگلے چند روز میں موسم میں بہتری کے امکانات ظاہر نہیں کیے، جس کے باعث کراچی والوں کو گرمی کے اس سخت مرحلے کے لیے تیار رہنے کی تلقین کی جا رہی ہے۔

شہریوں کو پانی، لیموں پانی اور دیگر مشروبات کا زیادہ استعمال کرنے، ہلکے اور سوتی کپڑے پہننے، اور سر کو ڈھانپ کر رکھنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔ چھتری یا ٹوپی کا استعمال بھی گرمی سے بچاؤ کے لیے مفید قرار دیا گیا ہے۔

Similar Posts