کوٹ ادو کی خاتون اور اسکے بھائی کو نوکری کا لالچ دے کر 9 لاکھ روپے لوٹ لئے، لڑکی ویڈیو منظرعام آنے پر ڈی پی او کا نوٹس، ملزم اور اسکی بیوی کو گرفتار کرلیا گیا۔
کوٹ ادو کی رہائشی لڑکی نے سوشل میڈیا ویڈیو میں الزام عائد کیا ہے کہ اسے اور اسکے بھائی کو پولیس میں نوکری دلانے کا لالچ دیکر 9 لاکھ روپے اور 2 بلینک چیک وصول کیے گئے۔
ملزم خود کو اعلیٰ پولیس افسران کا ساتھی ظاہر کرکے پولیس افسران سے تعلقات قائم کرنے پر مجبور کرتا رہا، ویڈیو منظرعام پر آنے کے بعد پولیس نے ملزم کو گرفتار کرلیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق کوٹ ادو کے علاقے سنانواں کی رہائشی لڑکی نادیہ کی ویڈیو گزشتہ روز سے سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے، ویڈیو میں لڑکی نے سنگین الزامات عائد کیے ہیں۔
نادیہ کا کہنا تھا کہ مجید نامی نوسرباز نے اسے اور اسکے بھائی کو محکمہ پولیس میں نوکری دلوانے کا لالچ دیکر 9 لاکھ روپے اور 2 بلینک چیکس وصول کیے۔
ملزم اپنی اعلی پولیس افسران کیساتھ تصاویر دکھا کر جلد نوکری دلانے کا وعدہ کرتا رہا. نادیہ نے الزام عائد کیا ہے کہ مجید اور اسکی بیوی اسے اعلی پولیس افسران کیساتھ تعلقات قائم کرنے پر بھی مجبور کرتے رہے، لیکن اسکے انکار پر اب جعلی چیک کی دفعات کے تحت مقدمات درج کروانے کی دھمکیاں دی جارہی ہیں۔
متاثرہ لڑکی کے سوشل میڈیا پر الزامات پر ڈی پی او ڈاکٹر رضوان احمد نے نوٹس لے لیا، پولیس ترجمان کے طابق متاثرہ لڑکی کے والد کی مدعیت میں تھانہ سنانواں میں ملزم اور اسکی بیوی کیخلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے جبکہ ملزم مجید کو گرفتار بھی کرلیا گیا ہے۔