نورین نیازی اور میری ویڈیو حکومت نے اے آئی سے بنا کر خود سوشل میڈیا پر ڈالی، علیمہ خان

سابق وزیراعظم عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان کا کہنا ہے کہ میں نے کسی بھارتی چینل پر آپریشن سندور 2 کرنے کی بات نہیں کی، میرا کلپ اے آئی کے ذریعے حکومت نے بنا کر سوشل میڈیا پر ڈالا۔

انسداد دہشت گردی عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علیمہ خان نے سوال اٹھایا کہ سب سے زیادہ دوستی مودی سے کس کی تھی؟ بغیر ویزا کے مودی پاکستان کس کے پاس آیا تھا؟

انہوں نے کہا کہ انڈیا میں کیا میری مل لگی ہے؟ مودی سے کیا ہماری دوستی ہے۔ مودی بغیر ویزا کے پاکستان آسکتا ہے لیکن ہم اپنے بھائی کی بات نہیں کر سکتے۔

علیمہ خان نے کہا کہ انڈین میڈیا کے ذریعے ہمارے میڈیا نے بانی پی ٹی آئی کی خبر چلائی، ہمارا میڈیا بتائے وہ خود کیوں نہیں بانی پی ٹی آئی کی خبر چلاتے، نورین نیازی کا جو کلپ وائرل کیا گیا وہ اے آئی سے بنایا گیا ہے کیونکہ میری بہن ایسی باتیں نہیں کر سکتی، اے آئی سے ویڈیوز حکومت نے بنائی ہیں۔

عمران خان کی ہمشیرہ کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کے پاس نواز شریف کی منی لانڈرنگ کی پوری فائل ہے، نواز شریف نے نیویارک بینک کے ذریعے منی لانڈرنگ کی۔

علیمہ خان نے انکشاف کیا کہ بانی پی ٹی آئی کے پاس پوری فائل ہے جس میں ان کے انڈیا پیسے بھیجنے کے ثبوت موجود ہیں، ہم نے خود وہ فائل دیکھی ہے جو 10 سال پہلے بانی کو دی گئی تھی۔

Similar Posts