پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پاک بحریہ کے سیلاب متاثرہ سری لنکا میں امدادی آپریشن تیسرے روز بھی مسلسل جاری رہے، پاک بحریہ کے جہاز سیف پر موجود ہیلی کاپٹر نے پانچ دن سے پھنسے ایک خاندان کو ریسکیو کر لیا۔
ریسکیو کیے گئے خاندان میں سات ماہ کا بچہ بھی شامل تھا ترجمان پاک بحریہ کے مطابق مقامی انتظامیہ کے ساتھ مشترکہ کارروائی کے دوران عملے نے اونچے سیلابی پانی میں گھرے متاثرین کو گھروں کی چھتوں سے نکال کر محفوظ مقامات پر منتقل کیا۔
مشکل موسم اور شدید سیلابی صورتحال کے باوجود ریسکیو آپریشن کامیابی سے جاری رکھا گیا۔ پاک بحریہ کا جہاز سیف سری لنکا میں اپنی تعیناتی کے دوران سیلاب متاثرین کی مدد کے لیے مختلف امدادی سرگرمیاں سرانجام دے رہا ہے، جن میں ریسکیو، ریلیف اور طبی معاونت شامل ہیں۔
ترجمان کے مطابق پاک بحریہ کی یہ انسانی ہمدردی پر مبنی کوششیں پاکستان اور سری لنکا کے درمیان دیرینہ دوستی، علاقائی یکجہتی اور باہمی تعاون کے مضبوط عزم کی نمائندگی کرتی ہیں۔