انٹرنیشنل اسکواش رینکنگ جاری، تین پاکستانی ٹاپ 100 میں شامل

نئی انٹرنیشنل اسکواش رینکنگ میں تین پاکستانی کھلاڑی بہتری لاکر ٹاپ 100 کھلاڑیوں میں شامل ہو گئے۔

پروفیشنل اسکواش ایسوسی ایشن کی جانب سے جاری کردہ نئی انٹرنیشنل رینکنگ کے 100 بہترین کھلاڑیوں میں تین پاکستانی نور زمان، محمد اصحاب عرفان اور حمزہ خان بھی شامل ہیں۔

عالمی انڈر 23 چیمپئن نور زمان نے متعدد انٹرنیشنل ایونٹس میں اچھی پرفارمنس دکھا کر پانچ درجہ بہتری کے ساتھ عالمی رینکنگ میں 38 ویں پوزیشن حاصل کر لی۔عالمی درجہ بندی میں 37 ویں پوزیشن تک پہنچ جانے والے نور زمان گزشتہ انٹرنیشنل رینکنگ میں43 ویں پوزیشن پر فائز تھے۔سابق عالمی اسکواش چیمپئن قمرزمان کے پوتے نور زمان نے 11 ٹورز میں 248 پوائنٹس جوڑے۔

پاکستان کے اصحاب عرفان ایک درجہ بہتری کے ساتھ عالمی رینکنگ میں47 ویں نمبر پر آگئے۔ اصحاب عرفان نے 14 ایونٹس میں 193 پوائنٹس حاصل کیے۔

سابق عالمی جونیئر چیمپئن20سالہ حمزہ خان نے14 درجات بہتری لاتے ہوئے اپنےکیریئر کی اعلیٰ رینکنگ حاصل کرلی اور عالمی نمبر 86 بن گئے۔ حمزہ خان نے 8 ایونٹس میں 98 پوائنٹس حاصل کر کے اپنی عالمی رینکنگ کو بہتر بنایا۔

Similar Posts