تفصیلات کے مطابق بلدیہ ٹاؤن پولیس نے تکنیکی بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے 22 سال بعد دہرے قتل کے مقدمے میں نامزد مرکزی اشتہاری ملزم عمران ناگوری عرف اقبال کو گرفتار کر لیا۔
ایس ایس پی کیماڑی امجد شیخ کے مطابق ملزم کو تکنیکی بنیادوں پر تلاش ڈیوائس کے ذریعے گرفتار کیا گیا ہے، ملزم نے سال 2003 میں ذاتی رنجش کی بناء پر باپ اور بیٹے کو قتل کیا تھا۔
انہوں نے بتایا کہ مقتول سہیل اور محمد اسماعیل کو سر اور چہرے پر گولیاں ماری گئی تھیں۔ دہرے قتل کا مقدمہ بلدیہ ٹاؤن تھانے میں پانچ نامزد ملزمان کے خلاف درج کیا گیا تھا۔
ایس ایس پی کے مطابق مقدمے کا مرکزی ملزم عرصہ دراز سے فرار تھا جسے گرفتار کر لیا گیا ہے، ملزم انتہائی شاطر اور چالاکی سے فرضی نام کا استعمال کرتا تھا۔
پولیس افسر نے بتایاکہ ملزم عمران ناگوری عرف اقبال سے مزید تفتیش جاری ہے، گرفتار ملزم کے خلاف مزید قانونی کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔