جاپان کے شمال مشرقی علاقوں میں 7.6 شدت کا طاقتور زلزلہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جس کے بعد حکام نے فوری طور پر سونامی وارننگ جاری کرتے ہوئے مقامی رہائشیوں کو محفوظ مقامات کی جانب منتقل ہونے کی ہدایت کردی۔
برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق جاپان موسمیاتی ایجنسی کے مطابق جاپان کے شمال مشرقی ساحلی علاقوں میں زلزلہ رات 11 بج کر 15 منٹ پر سمندر میں آیا، زلزلے کی شدت 7.6 ریکارڈ کی گئی، جس کے بعد شمال مشرقی ساحل پر 3 میٹر (10 فٹ) تک بلند سونامی کی لہروں کے ٹکرانے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے اور شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
جاپان موسمیاتی ایجنسی کے مطابق ہوکائیڈو، آوموری اور ایواتے صوبوں کے لیے سونامی وارننگ جاری کی گئی ہے اور آدھی رات سے قبل آوموری کے متسو اوگاوارا اور ہوکائیڈو کے یوراکاوا پورٹس پر 40 سینٹی میٹر بلند سونامی کی لہریں ریکارڈ کی گئیں جب کہ زلزلے کا مرکز آوموری کے ساحل سے 80 کلومیٹر (50 میل) دور اور 50 کلومیٹر (30 میل) کی گہرائی میں تھا۔
ایجنسی کے مطابق زلزلے کے بعد فوری طور پر کسی جانی نقصان یا تباہی کی اطلاعات موصول نہیں ہوئیں جب کہ حکام صورت حال پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔ ان جھٹکوں کے بعد جاپان کے کئی علاقوں میں شہریوں کے انخلا کے احکامات جاری کیے گئے ہیں جب کہ مشرقی جاپان ریلوے نے احتیاطی طور پر بعض ٹرین سروسز معطل کر دی ہیں۔
یاد رہے کہ یہ وہی خطہ ہے جو مارچ 2011 میں 9.0 شدت کے تباہ کن زلزلے اور سونامی سے شدید متاثر ہوا تھا۔ جاپان دنیا کے سب سے زیادہ زلزلہ خیز ممالک میں شمار ہوتا ہے، جہاں اوسطاً ہر 5 منٹ بعد کوئی نہ کوئی جھٹکا محسوس کیا جاتا ہے۔
بحرالکاہل کے گرد ”رِنگ آف فائر“ کے علاقے میں واقع ہونے کی وجہ سے دنیا میں آنے والے 6.0 یا اس سے زائد شدت کے تقریباً 20 فیصد زلزلے جاپان میں ریکارڈ کیے جاتے ہیں۔