ایکسپریس نیوز کے مطابق صورتحال کشیدہ ہونے کے پیشِ نظر فیکٹری ناکے پر اضافی پولیس نفری طلب کرلی گئی ہے اور خواتین اہلکاروں کو بھی دھرنے کے مقام پر پہنچنے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔
دھرنے کے مقام پر اڈیالہ روڈ کی لائٹس بند کر دی گئی ہیں جبکہ کسی بھی ممکنہ آپریشن کے پیش نظر پریزن وینز اور پانی چھڑکنے والی گاڑیاں بھی طلب کرلی گئی ہیں۔ پولیس حکام صورت حال پر نظر رکھے ہوئے ہیں اور دھرنے کے شرکا کو منتشر کرنے کے حوالے سے مختلف آپشنز پر غور کیا جارہا ہے۔
ادھر علیمہ خان اپنے مؤقف پر ڈٹی ہوئی ہیں اور دھرنے کے شرکا کی تعداد میں بھی اضافہ دیکھا جارہا ہے۔ انتظامیہ نے کہا ہے کہ امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کے لیے ضروری اقدامات کیے جائیں گے۔
واضح رہے کہ پی ٹی آئی کے چیئرمین بیرسٹر گوہر اور عمران خان کی بہنوں کو آج ملاقات کی اجازت نہ ملی جس پر انہوں نے جیل کے قریب فیکٹری ناکے پر دھرنا دیدیا۔