ملک میں غیرقانونی طورپر رہائش پذیر غیرملکیوں کی بے دخلی جاری ہے، طور خم سرحد کے راستے آج مزید 3 ہزار 669 غیر قانونی مقیم غیر ملکیوں کو بے دخل کیا گیا، یکم اپریل سے اب تک اپریل تک مجموعی طور پر 11371 افغان باشندوں کو ملک بدر کیا گیا۔
غیر قانونی مقیم غیر ملکیوں کی طورخم سرحد کے راستے بے دخلی کا سلسلہ یکم اپریل سے جاری ہے، جنہیں ضروری قانونی کارروائی کے بعد طور خم سرحد کے راستے بے دخل کیا جاتا ہے۔
امیگریشن ذرائع کے مطابق آج 2 ہزار 242 غیر قانونی مقیم غیر ملکی رضا کارانہ طور پر لنڈی کوتل ٹرانزٹ کیمپ آئے، جہاں قانونی کارروائی پوری ہونے کے بعد انہیں طورخم سرحد کے راستے بے دخل کیا گیا۔
ملک کے مختلف شہروں سے گرفتار ایک ہزار 427 غیر قانونی مقیم افراد کو سیدھا طورخم سرحد منتقل کردیا گیا۔
امیگریشن ذرائع کے مطابق یکم اپریل سے لے کر اب تک 11 ہزار 371 غیر قانونی غیر ملکیوں کو بے دخل کیا جاچکا ہے، 17 ستمبر 2023 سے لے کر مارچ 2025 تک 4 لاکھ 69 ہزار 159 افراد پر مشتمل 70494 افغان خاندان طورخم سرحد کے راستے وطن واپس لوٹ چکے ہیں۔