کراچی: تیز رفتار واٹر ٹینکر نے موٹرسائیکل سوار نوجوان کو روندھ ڈالا، طالب علم جاں بحق

نارتھ کراچی بابا موڑ سے فور کے چورنگی کی جانب جاتے ہوئے کے الیکٹرک کے دفترکے قریب تیز رفتار واٹر ٹینکر نے موٹرسائیکل سوارنوجوان کو روندھ ڈالا جس کے نتیجے میں موٹرسائیکل سوارنوجوان موقع پرجاں بحق ہوگیا، حادثے کے بعد موقع پرموجود شہریوں نے توڑ پھوڑ شروع کردی اس دوران مشتعل شہریوں نے واٹر ٹینکر کو آگ لگادی۔

رپورٹ کے مطابق شہر قائد میں ہیوی ٹریفک سے ہونے والے حادثات میں کمی نہ آسکی بدھ کی صبح خواجہ اجمیرنگری تھانے کے علاقےنارتھ کراچی بابا موڑ سے فورکے چورنگی کی جانب جاتے ہوئے کے الیکٹرک کے دفترکے قریب تیزرفتارواٹرٹینکرنے موٹرسائیکل سوارنوجوان کو روندھ ڈالا جس کے نتیجے میں موٹرسائیکل سوارنوجوان موقع پرجاں بحق ہوگیا۔

جاں بحق نوجوان کی لاش چھیپا ایمبولینس کے ذریعے قانونی کارروائی کے لیےعباسی شہید اسپتال منتقل کی گئی حادثے کے بعد موقع پرموجود شہریوں نے توڑپھوڑشروع کردی۔

اس دوران مشتعل شہریوں نے واٹر ٹینکرکوآگ لگادی ، حادثے کی اطلاع ملنے پرپولیس موقع پرپہنچ گئی اورپولیس نے فوری طورپرفائربریگیڈ کے عملے کوطلب کرلیا جس نے موقع پرپہنچ کرواٹرٹینکرمیں لگی آگ پرقابو پا لیا۔

اس دوران واٹرٹینکرکا اگلہ حصہ مکمل جل گیا حادثے میں جاں بحق ہونے والے نوجوان کی شناخت 17 سالہ عابد رئیس ولد رئیس احمد کے نام سے کی گئی۔

متوفی نوجوان نارتھ بابا موڑ کے قریب کا رہائشی اورمتوفی نوجوان عثمان پبک اسکول و کالج میں فرسٹ ایئر کا طالب علم تھا۔

ایس ایچ او خواجہ اجمیر نگری سرفرازکمانڈو کا کہنا ہے کہ متوفی نوجوان کالج یونیفارم زیب تن کیا ہوا تھا اور ممکنہ طور پرنوجوان کالج جا رہا تھا کہ راستے میں حادثہ رونما ہوگیا۔

انھوں نے بتایاکہ حادثے کے مقام کے قریب موجود پنکچر شاپ کے ملازم اور دیگرعینی شاہدین نے بتایا کہ  حادثہ دو موٹر سائیکلیں ٹکرانے کے باعث پیش آیا نوجوان موٹر سائیکل سمیت گرا اور ٹینکر نے کچل دیا۔

حادثے کے نتیجے میں نوجوان عابد موقع پرجاں بحق ہوگیا، ایس ایچ او نے بتایاکہ حادثے کے بعدواٹر ٹینکرکا ڈرائیورموقع سے فرارہوگیاجبکہ مشتعل شہریوں نے واٹر ٹینکرکو اگ لگا دی۔

ایس ایچ او نے بتایا کہ واٹر ٹینکر کو پولییس نے اپنی تحویل میں لے لیا ہے واٹر ٹینکر کراچی میں رجسٹرڈ نہیں ہے، معلوم حاصل کی جا رہی ہیں واٹر ٹینکر میں ڈیش کیم  کیمرا اور ٹریکر نصب تھا یا نہیں۔

انھوں نے بتایاکہ پولیس نے قانونی کارروائی کے بعد متوفی نوجوان کی لاش ان کے اہلخانہ کے حوالے کردی اورحادثے سے متعلق مزید  تفتیش  شروع کردی ہے اور واٹر ٹینکر کے ڈرائیور و مالک کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

ریسکیو حکام کے مطابق رواں سال شہرقائد میں مختلف ٹریفک حادثات میں جاں بحق ہونے والے شہریوں کی تعداد 806 اورزخمیوں کی تعداد 11596 ہوگئی جن میں ہیوی ٹریفک سے جاں بحق شہریوں کی تعداد 244 تک پہنچ گئی ہے۔

شہر قائد میں جدید و خود کارای چالان کے باوجود ٹریفک حادثے میں کوئی خاطر خواہ کمی نہیں آسکی ہے۔

Similar Posts