کوئٹہ کے رہائشی کا شناختی کارڈ بلاک کرنے کے فیصلے کیخلاف درخواست پر نادرا سے جواب طلب

اسلام آباد ہائی کورٹ نے  کوئٹہ کے رہائشی کا شناختی کارڈ بلاک کرنے کے نادرا کے فیصلے کے خلاف درخواست پر نادرا کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا۔

جسٹس ارباب محمد طاہر نے شہری اصغر علی کی درخواست پر سماعت کی۔ سماعت کے دوران جسٹس ارباب محمد طاہر نے وکیلِ درخواست گزار سے استفسار کیا کہ آپ کہاں سے آئے ہیں؟ جس پر وکیل نے جواب دیا کہ وہ کوئٹہ سے آئے ہیں اور ان کے موکل کا شناختی کارڈ نادرا نے بلاک کر دیا ہے۔

عدالت نے سوال کیا کہ درخواست گزار اسلام آباد ہائیکورٹ کیوں آیا ہے، کیا بلوچستان میں ہائیکورٹ موجود نہیں؟

وکیلِ درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا کہ نادرا نے شناختی کارڈ بلاک کیا ہے اور نادرا کا ہیڈکوارٹر اسلام آباد میں واقع ہے، اس لیے درخواست اسلام آباد ہائیکورٹ میں دائر کی گئی ہے۔

جسٹس ارباب محمد طاہر نے ریمارکس دیے کہ نادرا کے دائرہ اختیار سے متعلق معاملات بلوچستان ہائیکورٹ بھی سن سکتی ہے۔ تاہم عدالت نے کہا کہ فی الحال نادرا کو نوٹس جاری کر کے جواب طلب کر رہے ہیں۔

عدالت نے شہری کے شناختی کارڈ کی بحالی سے متعلق درخواست پر نادرا کو نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت آئندہ ہفتے تک ملتوی کر دی۔

Similar Posts