کراچی میں زلزلے کے جھٹکوں کے بعد لیاری کے علاقے نیا آباد لیاقت کالونی کے قریب واقع رہائشی عمارت بابا آرکیڈ میں خطرناک دراڑیں پڑ گئیں، جس کے باعث علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔
ایدھی حکام کے مطابق زلزلے کے فوراً بعد عمارت میں دراڑیں نمودار ہوئیں، جس پر مکین اپنی جان بچانے کے لیے گھروں سے باہر نکل آئے اور کھلے مقامات پر جمع ہوگئے۔
اطلاع ملتے ہی پولیس، فائر بریگیڈ، ایدھی ایمبولینس اور رضاکار فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئے ہیں۔
ریسکیو ٹیموں نے عمارت کا ابتدائی معائنہ شروع کردیا جبکہ ممکنہ خطرے کے پیش نظر شہریوں کو عمارت سے دور رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
واضح رہے کہ کراچی کے شمال مغرب میں رات 12 بجکر 58 منٹ پر 5.2 شدت کا زلزلہ ریکارڈ کیا گیا جس کے جھٹکے شہر کے مختلف علاقوں میں محسوس کیے گئے۔
زلزلے کے باعث شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا اور کئی علاقوں میں لوگ گھروں اور دفاتر سے باہر نکل آئے۔