کراچی پولیس آفس میں ایڈیشنل آئی جی کراچی جاوید عالم اوڈھو نے چیف سی پی ایل سی زبیرحبیب، ڈی آئی جی ٹریفک پیر محمد شاہ اور ڈائریکٹر ایکسائز موٹر رجسٹریشن شبانہ بلوچ کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ شہرمیں ٹریکس نظام کے نفاذ کے بعد ٹریفک منیجمنٹ میں کافی بہتری نظرآرہی ہے اور شہریوں کی جانب سے بھی اس نئے نظام کو سراہا جا رہا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ نئے نظام میں مثبت تبدیلیوں کی ضرورت ہے، مشاہدے اور ریکارڈ میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ بعض شہریوں نے ای چالان سےبچنے کے لئے مختلف حربے استعمال کرنا شروع کردیے ہیں، بعض شہریوں کی جانب سے جعلی نمبر پلیٹ کا استعمال کیا جا رہا ہے توکسی شہری نے نمبر پلیٹ چھپانے جیسے اقدامات کئے ہیں۔
جاوید عالم اوڈھو نے بتایا کہ آئندہ جمعہ سے فینسی نمبر پلیٹس اورغیرقانونی نمبر پلیٹس کی حامل گاڑیوں کے خلاف بڑے پیمانے پرمہم شروع کرنے جارہے ہیں، اس مہم میں ڈسٹرکٹ پولیس کے ہمراہ ایکسائز اور سی پی ایل سی کے افسران بھی ساتھ ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ نمبر پلیٹس کے غلط استعمال اوراسے چھپانے پرایکسائز ریکارڈ دیکھ کر کارروائی کی جائے گی، خلاف وزری پر گاڑی یا موٹر سائیکل ضبط کرنے کے ساتھ مقدمہ بھی درج کیا جائے گا۔
ایڈیشنل آئی جی کا کہنا تھا کہ کسی شہری نے ایکسائز سے اگر نمبر پلیٹ کے لئے رابطہ کیا ہوگا تو رسید ہونا لازم ہوگا قانونی نمبر پلیٹ نہ ہونے پر گاڑی یا موٹر سائیکل عارضی طور پر ضبط کرلی جائے گی، گاڑی یا موٹر سائیکل پر جعلی نمبر پلیٹ ہونے پر مقدمہ درج کریں گے، جو شہری گرین نمبر پلیٹ لگا کر گاڑی چلاتے ہیں اس پر بھی ایکشن کیا جائے گا۔