ایمنسٹی انٹرنیشنل انڈیا کے بیان میں کہا گیا کہ ایسے اقدامات نہ صرف خواتین کے بنیادی حقوق کی خلاف ورزی ہیں بلکہ معاشرے میں خوف اور عدم تحفظ کے ماحول کو بھی فروغ دیتے ہیں۔ تنظیم نے زور دیا کہ عوامی عہدیداران کو مذہبی آزادی اور خواتین کے وقار کا احترام کرنا چاہیے۔
یہ بیان بھارتی ریاست بہار کے وزیراعلیٰ نتیش کمار کے حالیہ اقدام کے بعد سامنے آیا ہے، جہاں پٹنہ میں ایک تقریب کے دوران انہوں نے ایک مسلمان خاتون ڈاکٹر کا نقاب کھینچ دیا تھا۔
اس واقعے کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد شدید ردعمل دیکھنے میں آیا۔
بھارت میں انسانی حقوق کے کارکنوں اور سماجی رہنماؤں نے اس واقعے کو اقلیتی خواتین کے تحفظ کے حوالے سے تشویشناک قرار دیا ہے اور مطالبہ کیا ہے کہ ذمہ داران کے خلاف فوری، شفاف اور قانونی کارروائی کی جائے۔
دوسری جانب اپوزیشن جماعت کانگریس نے بھی اس اقدام کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ کسی خاتون کے لباس یا مذہبی شناخت کے ساتھ اس طرح کا رویہ ناقابل قبول اور غیر اخلاقی ہے۔ وزیراعلیٰ کے خلاف ہراسمنٹ کا مقدمہ درج کرنے کا مطالبہ بھی زور پکڑ رہا ہے۔