لاہور میں مختلف واقعات کے نتیجے میں خاتون سمیت 3 افراد جاں بحق

شہر کے مختلف علاقوں میں پیش آنے والے افسوسناک واقعات کے نتیجے میں خاتون سمیت تین افراد جان کی بازی ہار گئے۔

ایدھی فاؤنڈیشن کے ترجمان کے مطابق شادباغ کے علاقے مکھن پورہ میں گھریلو جھگڑوں سے دلبرداشتہ 55 سالہ خاتون شاہین بی بی نے خودکشی کر لی۔ خاتون نے گلے میں پھندا ڈال کر اپنی زندگی کا خاتمہ کیا۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی ایدھی ایمبولینس نے لاش کو اسپتال منتقل کیا۔

دوسرا واقعہ مناواں میں پیش آیا جہاں 4 دسمبر کو سوتر مل سے پراسرار طور پر لاپتہ ہونے والے 17 سالہ نوجوان توقیر اعوان کی لاش برآمد ہوئی۔ ایدھی ترجمان کے مطابق نوجوان کی لاش مقامی امام بارگاہ کی چھت سے ملی۔ پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر لیے ہیں جبکہ نوجوان کی ہلاکت کے حوالے سے تحقیقات جاری ہیں۔

تیسرا واقعہ باٹا پور کے علاقے میں پیش آیا جہاں بی آر بی نہر کے کنارے 40 سالہ نامعلوم شخص کی لاش ملی۔ ایدھی ترجمان کے مطابق متوفی نشے کا عادی تھا اور ابتدائی شواہد کے مطابق ہلاکت بظاہر نشے کی زیادتی کے باعث ہوئی۔

پولیس کے مطابق تینوں واقعات کی الگ الگ تحقیقات کی جا رہی ہیں جبکہ قانونی کارروائی مکمل کرنے کے لیے لاشیں مردہ خانے منتقل کر دی گئی ہیں۔

 

Similar Posts