فائر بریگیڈ نے آگ کو پھیلنے سے روکتے ہوئے این ایل سی کنٹینر یارڈ کو جلنے سے بچایا، جھاڑیوں میں لگی آگ پرقابوپانے میں کے پی ٹی،کے ایم سی اورریسکیو 1122 کے 6 سے زائد فائر ٹینڈر نے حصہ لیا۔
اسی طرح سہراب سپرہائیوے پنجاب بس اڈے کے قریب آتشزدگی کے دوران ایک بس اور کیبنز میں بنے چند ورکشاپ اوردیگرسامان خاکسترہوگیا، آتشزدگی کے دوران کسی قسم کا کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
تفصیلات کے مطابق جمعرات کومائی کلاچی روڈ پرواقع این ایل سی کنٹینر یارڈ کے قریب جھاڑیوں میں اچانک آگ بھڑک اٹھی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے شدت اختیارکرلی اورآگ نے بڑے علاقے میں لگی جھاڑیوں کواپنی پلیٹ میں لے لیااور آگ کے شعلے فضا میں بلند ہونا شروع ہو گئے،جھاڑیوں میں آگ لگتے ہی کے پی ٹی ،کے ایم سی اورریسکیو 1122 کے فائر ٹینڈرز موقع پر پہنچ گئے اورجھاڑیوں میں لگی آگ پرقابوپانے کے لیے ریسکیو آپریشن شروع کردیا گیا۔
تقریبا سوا گھنٹے کی مسلسل کوششوں کےبعد جھاڑیوں میں لگی آگ پر قابو پالیا گیا اورکولنگ کا عمل شروع کردیا گیا ،فائربریگیڈ حکام کے مطابق جھاڑیوں میں ایک 12 بجے کے قریب لگی تھی اورسوا گھنٹے کی کوشش کے بعد آگ پرقابو پالیا۔
فائر بریگیڈ نے آگ کو پھیلنے سے روکتے ہوئے این ایل سی کنٹینر یارڈ کو جلنے سے بچایا آتشزدگی کے دوران کسی قسم کا کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ، فائر بریگیڈ حکام نے شبہ ظاہر کیا کہ جھاڑیوں میں آگ مبینہ طورپر نشے کےعادی افراد کی غفلت و لاپروائی کی وجہ سے لگی،
ادھرسچل تھانے کے علاقے سہراب سپرہائیوے پنجاب بس اڈے کے قریب کچرا کنڈی میں لگنے والی آگ نے شدت اختیار کرلی اور قریب کھڑی ایک بس اور کیبنز میں ورکشاپس کو بھی اپنے لپیٹ میں لے لیا۔
آگ کی اطلاع ملتے ہی کے ایم سی فائر بریگیڈ اورریسکیو 1122 کا عملہ موقع پر پہنچ گیا اورآگ پرقابو پانے کی کوشش شروع کردی گئی۔ کے ایم سی فائر بریگیڈ اور ریسکیو 1122 کے عملےنے کچھ دیر میں آگ پرقابو پالیا۔ اس دوران ایک بس اور چند کیبنز میں بنے ورکشاپس اور دیگر سامان خاکسترہو گیا جبکہ آتشزدگی کے دوران کسی قسم کا کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔