جعفر ایکسپریس حملے کے کامیاب آپریشن پر بلوچ عوام کا پاک فوج کو خراج تحسین

0 minutes, 0 seconds Read

جعفر ایکسپریس پر حملے کے بعد پاک فوج کی بروقت کارروائی اور کامیاب آپریشن پر بلوچ عوام نے فوج کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔ ٹرین میں موجود افراد نے بھی پاک فوج اور سیکیورٹی فورسز کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کی بہادری کی بدولت وہ آج زندہ اور محفوظ ہیں۔

ٹرین ڈرائیور نے واقعے کے بارے میں بتاتے ہوئے کہا کہ دہشت گردوں نے انجن کے نیچے دھماکہ کیا، جس کے باعث ریل کی پٹریاں ٹوٹ گئیں اور بوگیاں ایک دوسرے سے الگ ہو گئیں۔ اس کے فوراً بعد بی ایل اے کے دہشت گردوں نے حملہ کر دیا۔

انہوں نے کہا کہ پاک فوج اور سیکیورٹی فورسز کی بروقت کارروائی کی وجہ سے یہ آپریشن کامیاب ہوا اور قیمتی جانوں کا مزید نقصان نہیں ہوا۔

ٹرین کے سیکیورٹی گارڈ نے بتایا کہ حملے کے بعد پوری ٹرین میں خوف و ہراس پھیل گیا تھا، تاہم ایف سی اہلکاروں کی فوری کارروائی کی وجہ سے دہشت گردوں کو مزید نقصان پہنچانے کا موقع نہیں ملا۔

بازیاب ہونے والے مسافروں نے کہا کہ دہشت گردوں نے ٹرین پر حملے کے بعد قبضہ کر کے انہیں یرغمال بنا لیا تھا، لیکن ایف سی اور کمانڈوز نے اپنی جان خطرے میں ڈال کر انہیں بچایا۔

بازیاب شدہ افراد نے کہا کہ پاک فوج کے حوصلے سے انہیں بھی حوصلہ ملا، جس کے نتیجے میں وہ آج زندہ اور محفوظ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فوج اور سیکیورٹی فورسز کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

Similar Posts