تفصیلات کے مطابق فیڈرل بی انڈسٹریل ایریا کے علاقے سہراب گوٹھ ندی والے پل کے قریب جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب نامعلوم گاڑی کی ٹکر سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا ، جاں بحق ہونے والے شخص کی لاش چھیپا ایمبولینس کے ذریعے عباسی شہید اسپتال منتقل کی گئی۔
پولیس کے مطابق حادثے کے باعث متوفی کا چہرہ ناقابل شناخت ہوگیا جبکہ جسم کے دیگر حصے بھی کچلے گئے ہیں جس کے باعث متوفی کا بائیو میٹرک نہیں کیا جا سکا۔ پولیس نے ضابطے کی کارروائی کے بعد لاش سردخانے منتقل کر دی۔
گلشن اقبال کے علاقے بلاک ون کونینٹل بیکری کے قریب جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب نامعلوم گاڑی کی ٹکر سے موٹرسائیکل سوار ایک شخص جاں بحق ہوگیا، متوفی کی لاش چھیپا ایمبولینس کے ذریعے جناح پہنچائی گئی ، پولیس کے مطابق جاں بحق ہونے والے موٹر سائیکل سوار کی شناخت 24 سالہ محمد سرفراز ولد محمد نواز کے نام سے کی گئی ، متوفی گلشن اقبال کا رہائشی تھا۔
سعید آباد کے علاقے بلدیہ ٹاؤن رئیس گوٹھ کسٹم چیک پوسٹ کے قریب جمعہ کی الصبح ڈمپر اور کار میں تصادم کے نتیجے میں کار سوار جاں بحق ہوگیا ، جاں بحق والے شخص کی لاش چھیپا ایمبولینس کے ذریعے سول اسپتال منتقل کی گئی ، پولیس کے مطابق جاں بحق ہونے والے شخص کی شناخت 35 سالہ ضیا اللہ ولد محمد نیاز کے نام سے کی گئی ، متوفی حب چوکی کا رہائشی تھا ۔