سرکاری سرپرستی میں شیوسینا اور آر ایس ایس کے ہندو شدت پسندوں نے نئی دہلی میں بنگلہ دیش کے ہائی کمیشن آفس پر حملہ کردیا۔
رپورٹ کے مطابق اکھنڈ بھارت راشٹرا سینا کے بینرز اٹھائے انتہا پسند رکاوٹیں توڑ کر بنگلہ دیش ہاؤس میں گھس گئے اور ہائی کمشنر ریاض حمید اللہ کو جان سے مارنے کی دھمکیاں دیں۔
ادھر بھارت میں بنگلہ دیشی ہائی کمیشن پر حملے کے بعد بنگلہ دیش میں غم و غصے کی لہر دوڑ گئی۔ چٹاگانگ میں نوجوان بھارتی ریاستی دہشت گردی کے خلاف بپھر گئے اور بھارتی ڈپلومیٹک پوسٹ پر پتھراؤ کیا۔
دوسری جانب بھارت نے وضاحت جاری کرتے ہوئے کہا کہ اتوار کو نئی دہلی میں بنگلہ دیش کے ہائی کمیشن کی سیکیورٹی میں مبینہ خلاف ورزی سے متعلق خبریں گمراہ کن پروپیگنڈا ہیں۔
بھارتی وزارت خارجہ کے ترجمان رندھیر جیسوال نے بتایا کہ ہفتے کو نئی دہلی میں بنگلہ دیش مشن کے قریب جمع ہونے والے مظاہرین کے ایک گروہ کو پولیس نے منتشر کر دیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت تمام غیر ملکی سفارتی مشنز اور پوسٹس کی سیکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے۔ بھارتی حکام نے مطالبہ کیا ہے کہ میانمن سنگھ میں قتل ہونے والے ہندو شخص دیپو چندر داس کے قاتلوں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے۔
رندھیر جیسوال کے مطابق ہفتے کی رات تقریباً 20 سے 25 نوجوان بنگلہ دیش ہائی کمیشن کے سامنے جمع ہوئے اور دیپو چندر داس کے ہولناک قتل کے خلاف نعرے بازی کی۔ مظاہرین نے بنگلہ دیش میں تمام اقلیتوں کے تحفظ کا مطالبہ کیا۔
ترجمان کے مطابق مظاہرین کی جانب سے نہ تو باڑ پھلانگنے کی کوئی کوشش کی گئی اور نہ ہی کوئی سیکیورٹی صورتحال پیدا ہوئی۔ ان کا کہنا تھا کہ موقع پر موجود پولیس نے چند منٹ کے اندر ہی مظاہرین کو منتشر کر دیا گیا تھا۔
رندھیر جیسوال نے اس بات پر زور دیا کہ بھارت ویانا کنونشن کے مطابق اپنی حدود میں تمام غیر ملکی سفارتی مشنز اور دفاتر کی سیکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے مکمل طور پر پرعزم ہے۔
بھارتی حکام نے بنگلہ دیشی میڈیا کے بعض حصوں میں ہائی کمیشن پر ’’حملے‘‘ سے متعلق شائع ہونے والی رپورٹس کو بھی مسترد کرتے ہوئے انہیں گمراہ کن پروپیگنڈا قرار دیا۔ رندھیر جیسوال کا کہنا تھا کہ اس واقعے کی ویڈیو شواہد عوامی طور پر دستیاب ہیں اور ہر کوئی انہیں دیکھ سکتا ہے۔
ادھر اتوار کو بنگلہ دیش ہائی کمیشن کی سیکیورٹی مزید سخت کر دی گئی، اور عمارت کے اطراف مسلح سیکیورٹی اہلکاروں کا ایک چھوٹا دستہ بھی تعینات کر دیا گیا۔