لاہور: ڈبل ڈیکر بس سروس کی آمدن اور سیاحوں کی تعداد میں نمایاں اضافہ ریکارڈ

ٹورازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن آف پنجاب (ٹی ڈی سی پی) کے زیرِ انتظام سیاحت لاہور ڈبل ڈیکر بس سروس کی سال 2025 کے دوران آمدن اور سیاحوں کی تعداد میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق سال 2025 میں ڈبل ڈیکر بس سروس کی مجموعی آمدن میں تقریباً 20 فیصد اضافہ ہوا، جس کے بعد سروس نے تقریباً 3 کروڑ روپے کی آمدن حاصل کی۔

اسی عرصے میں مجموعی طور پر 40 ہزار سیاحوں نے اس سہولت سے استفادہ کیا، جو گزشتہ برس کے مقابلے میں تقریباً 20 فیصد اضافے کی نشاندہی کرتا ہے۔ ٹی ڈی سی پی کے مطابق یہ اضافہ حکومتِ پنجاب کی سیاحتی پالیسی، مؤثر انتظامی اقدامات اور سینئر وزیر حکومتِ پنجاب مریم اورنگزیب کی نگرانی اور ہدایات کے تحت کیے گئے اقدامات کا نتیجہ ہے۔

ڈبل ڈیکر بس سروس کے ذریعے لاہور کے تاریخی، ثقافتی اور ورثہ جاتی مقامات کو مقامی اور غیر ملکی سیاحوں کے لیے منظم انداز میں متعارف کرایا جا رہا ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ یہ سروس حکومتِ پنجاب کے میگنیفیسنٹ پنجاب وژن کے تحت سیاحت کے فروغ میں معاون ثابت ہو رہی ہے۔ بس سروس کے ذریعے شہریوں اور سیاحوں کو لاہور کے اہم مقامات تک محفوظ اور سہل رسائی فراہم کی جا رہی ہے۔

ٹی ڈی سی پی کے مطابق آئندہ بھی حکومتِ پنجاب کی رہنمائی میں سیاحتی سہولیات میں بہتری، نئے روٹس کے اجراء اور جدید اقدامات پر کام جاری رکھا جائے گا تاکہ لاہور اور پنجاب کو قومی اور بین الاقوامی سطح پر ایک نمایاں سیاحتی منزل کے طور پر فروغ دیا جا سکے۔

Similar Posts