پی آئی اے کی نجکاری کا مقصد ’لیجنڈ کی شان سے واپسی‘ کو یقینی بنانا ہے، نجکاری کمیشن

نجکاری کمیشن کی جانب سے قومی ایئرلائن (پی آئی اے) کی بولی کی کل منعقد ہونے والی تقریب کے حوالے سے اپ ڈیٹ جاری کردی گئی ہے۔

نجکاری کمیشن کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق کل بروز منگل پی آئی اے کی نجکاری کے سلسلے میں 75 فیصد حصص کے لیے بولی کا انعقاد کرے گا، بولی دہندگان کی طرف سے سیل شدہ بولیاں صبح 10:30 بجے جمع کرائی جائیں گی۔

نجکاری کمیشن کے مطابق پی آئی اے کی بولی کے لیے ریفرنس قیمت کی منظوری پرائیویٹائزیشن کمیشن بورڈ اور کابینہ کمیٹی برائے نجکاری، بولیاں موصول ہونے کے بعد دیں گے۔

شیڈول کے مطابق تقریب کا آغاز دوپہر کو ساڑھے تین بجے ہوگا، جو براہ راست نشر کی جائے گی جبکہ تقریب میں بولیوں اور ریفرنس قیمت کا اعلان کیا جائے گا،اور نجکاری کے عمل کو طے شدہ ضوابط کے مطابق مکمل کیا جائے گا۔

 وزیراعظم کے مشیر برائے نجکاری محمد علی بولی کے عمل کے اختتام کے بعد پریس کانفرنس بھی کریں گے۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ  پی آئی اے کی نجکاری وزیر اعظم محمد شہباز شریف کے معاشی اصلاحات کے ایجنڈے کے تحت کی جا رہی ہے،  حکومت پاکستان تمام قواعد و ضوابط کے مطابق نجکاری کے شفاف، قابل اعتماد اور مستند عمل کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ نجکاری کا عمل وزیرِ اعظم کے شفافیت کے ویژن کے مُطابق تمام ٹی وی چینلز، حکومتِ پاکستان اور پرائیویٹائزیشن ڈویژن کے متعلقہ سوشل میڈیا ہینڈلز سے بھی نشر کیا جائے گا۔

نجکاری کمیشن کا کہنا ہے کہ قومی کیریئر کی نجکاری کی جا رہی ہے تاکہ ‘لیجنڈ کی شان سے واپسی’ کو یقینی بنایا جا سکے۔
 

Similar Posts