حسن احمد کی اہلیہ سنیتا مارشل کا تعلق پاکستان کی معزز مسیحی برادری سے ہے۔ شوبز کی اس مشہور جوڑی کے دو بچے ہیں، اور دونوں ایک دوسرے کے مذہبی تہواروں میں باہمی احترام اور محبت کے ساتھ شریک ہوتے ہیں۔
حال ہی میں حسن احمد نے نادیہ خان کے مارننگ شو میں شریک ہوئے، جہاں گفتگو کے دوران انہوں نے کرسمس منانے کے حوالے سے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔
حسن احمد کا کہنا تھا کہ وہ خود باقاعدہ طور پر کرسمس نہیں مناتے، تاہم سنیتا کی فیملی کی جانب سے ہونے والی تقریبات میں شریک ضرور ہوتے ہیں۔
حسن کے مطابق سنیتا کی چچی اینجی مارشل ہر سال کرسمس پارٹی کا اہتمام کرتی ہیں، جہاں پورا خاندان جمع ہوتا ہے اور وہ بھی اس خوشی کا حصہ بنتے ہیں۔
اداکار نے واضح کیا کہ بطور مسلمان وہ اور ان کے بچے سانتا کلاز یا کرسمس ٹری جیسی رسومات میں شامل نہیں ہوتے، بلکہ وہ صرف اپنی اہلیہ کی خوشیوں میں ساتھ دیتے ہیں۔
حسن احمد کے مطابق ان کے لیے یہ دن زیادہ تر موسمِ سرما کی تعطیلات، شادیوں کی تقریبات اور خاندانی مصروفیات کے باعث ایک خوشگوار وقت بن جاتا ہے، جسے وہ مل جل کر انجوائے کرتے ہیں۔
حسن احمد کے اس بیان کو سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے خوب سراہا جا رہا ہے، جہاں لوگ بین المذاہب ہم آہنگی اور ایک دوسرے کے عقائد کے احترام کو ایک مثبت مثال قرار دے رہے ہیں۔