خوش قسمت امریکی شہری نے 500 ارب کی تاریخی لاٹری جیت لی

امریکا میں کرسمس کی رات پاوربال لاٹری میں ایک خوش نصیب شخص نے 1.8 ارب ڈالر (500 ارب روپے) کا تاریخی جیک پاٹ جیت لیا۔ یہ خوش قسمت ٹکٹ امریکی ریاست آرکنساس میں فروخت ہوا تھا۔

پاوربال حکام کے مطابق جیتنے والے ٹکٹ نے تمام چھ نمبرز درست طور پر ملائے، جن میں 4، 25، 31، 52 اور 59 کے ساتھ ریڈ پاوربال نمبر 19 اور 2x پاور پلے ملٹی پلائر شامل تھا۔ حتمی ٹکٹ فروخت کے بعد جیک پاٹ کی مجموعی مالیت 1.817 ارب ڈالر تک پہنچ گئی۔

یہ انعام امریکی تاریخ میں اب تک جیتا جانے والا دوسرا سب سے بڑا لاٹری جیک پاٹ ہے جبکہ رواں سال پاوربال کا سب سے بڑا انعام بھی یہی ہے۔

پاوربال انتظامیہ کے مطابق یہ صرف دوسری مرتبہ ہے کہ آرکنساس میں فروخت ہونے والے ٹکٹ نے پاوربال جیک پاٹ جیتا ہو، اس سے قبل یہ کامیابی 2010 میں حاصل ہوئی تھی۔

جیتنے والے کو دو آپشنز دیے جائیں گے، جن میں 1.817 ارب ڈالر کی مکمل رقم قسطوں (annuity) میں حاصل کرنا یا ایک ساتھ 834.9 ملین ڈالر کی رقم (ٹیکس سے قبل) وصول کرنا شامل ہے۔ قسطوں کی صورت میں ابتدائی ادائیگی کے بعد 29 سالانہ اقساط دی جائیں گی، جن میں ہر سال 5 فیصد اضافہ ہوگا۔

یہ ڈرا اس جیک پاٹ سائیکل کا 47 واں ڈرا تھا، جو پاوربال کی تاریخ میں ایک نیا ریکارڈ ہے۔ پاوربال جیک پاٹ جیتنے کے امکانات انتہائی کم ہیں، جو تقریباً 29 کروڑ 22 لاکھ میں ایک ہیں۔

پاوربال لاٹری امریکا کی 45 ریاستوں، واشنگٹن ڈی سی، پورٹو ریکو اور یو ایس ورجن آئی لینڈز میں کھیلی جاتی ہے، جہاں ٹکٹ کی قیمت 2 ڈالر ہے۔

Similar Posts