وزیراعلیٰ کی قیادت میں قافلہ لاہور انٹرچینج پہنچنے پر میڈیا سے گفتگو میں شفیع جان نے کہا کہ پنجاب غیرت مندوں کی سرزمین ہے، عوام نے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کا بھرپور استقبال کیا، ہمیں توقع تھی کہ وزیر اعلیٰ پنجاب منتخب وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی کو خوش آمدید کہیں گی۔
انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے پنجاب حکومت نے اٹک سے لاہور تک قیام و طعام کے تمام مقامات سیل کر رکھے تھے، وزیر اعلیٰ کے قافلے میں دانستہ رکاوٹیں ڈالی گئیں، پنجاب حکومت نے صوبے میں غیر اعلانیہ مارشل لا نافذ کر رکھا ہے، بانی چیئرمین عمران خان کی تصویر اور پارٹی جھنڈا اٹھانے کی اجازت نہیں دی جا رہی، ہمیں سیاسی اسپیس دیا جائے، پنجاب میں پاکستان تحریک انصاف کا سیاسی اسپیس ختم کیا جارہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی آج رات لبرٹی چوک جائیں گے، وزیراعلی اسٹریٹ موومنٹ کی قیادت کریں گے اور خطاب کریں گے، وزیر اعلیٰ لاہور میں قیام کے دوران صحافیوں، وکلاء، پارٹی رہنماؤں اور اسیران سے ملاقاتیں کریں گے۔